افضل گورو کی پھانسی اور مقبول بٹ شہید کی برسی کے موقع پر بھمبرمیں کشمیر فریڈم موومنٹ ، جماعت اسلامی کے زیر اہتمام احتجاجی جلوس نکلا گیا

بھمبر(ڈسٹرکٹ رپورٹر)افضل گورو کی پھانسی اور مقبول بٹ شہید کی برسی کے موقع پر بھمبرمیں کشمیر فریڈم موومنٹ ،جماعت اسلامی ،جماعت الدعوة اور سول سوسائٹی کے زیر اہتمام احتجاجی جلوس نکلا گیا جو مختلف بازاروں سے ہوتا ہوا احاطہ پرانی کچہری پہنچنے پر ایک بڑے جلسے عام کی شکل اختیار کر گیا جلسہ عام سے وزیر ہاؤسنگ چوہدری پرویز اشرف ،کشمیر فریڈم موومنٹ کے مرکزی صدر انجینئر خالد پرویز بٹ۔

جماعت اسلامی کے راہنمامحمد علی اختر ،جموں و کشمیر جرنلسٹس آرگنائزیشن کے چیف آرگنائزر چوہدری خالد حسین ایڈووکیٹ ،ڈسٹرکٹ بار بھمبر کے صدر چوہدری سجاد الحق ایڈووکیٹ ،پیپلزپارٹی کے چوہدری ظفر اقبال ایڈووکیٹ ،لبریشن لیگ کے محمد اسلم آسی ایڈووکیٹ ،جماعت الدعوة کے محمد اسامہ،ریڈفاؤنڈیشن کے حافظ محمد الیاس ،اسلامی جمعیت طلباء کے راہنما اسرار احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ فروری کا مہینہ کشمیریوں کی تاریخ کے اندر شہادتوں کا مہینہ ہے 11 فروری 1984کو بھارتی غاصبوں نے مقبول بٹ شہید کو پھانسی دی اور 9 فروری 2013کو محمد افضل گورو کو پھانسی دیکر ایک مرتبہ پھر 29 سال بعد پھانسی کی تاریخ دہرائی گئی ہے۔

مقبول بٹ شہیدسے لیکر محمد افضل گورو تک جتنے لوگوں نے جانوں کی قربانیاں دیں ان سب کا مقصد وطن عزیز کی آذادی اور بھارت کی غلامی سے نجات حاصل کرنا ہے بھارت نے مقبول بٹ کو پھانسی دیکر تحریک آزادی کشمیر کو ختم کرے کی جو کوشش کی تھی وہ ناکام ہو گئی ہے مقبول بٹ کی شہادت کے بعد ریاست جموں وکشمیر کا بچہ بچہ مقبول بٹ بن چکا ہے آج محمد افضل گورو کی پھانسی سے ثابت ہو گیا ہے کہ کشمیری قوم اپنے قائد مقبول بٹ کی جلائی ہوئی شمع کو زندہ رکھیں گے۔

اس کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے مقررین نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت کے ریاست جموں وکشمیر کے اندر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں اور کشمیری قوم کو انکا بنیادی انسانی حق حق خودارادیت دلانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں احتجاجی جلوس ڈپٹی کمشنر بھمبر چوہدری محمد طیب کی قیادت میں احاطہ کچہری سے اقوام متحدہ کے مبصر دفتر گئے جہاں UNOکے مبصر کو یادداشت پیش کی۔