کراچی: نائب صدر جماعت اسلامی یوتھ ونگ پر قاتلانہ حملہ، ڈرائیور جاں بحق

Karachi Firing

Karachi Firing

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) نوری آباد میں جماعت اسلامی یوتھ ونگ کے نائب صدر امتیاز پالاری کی گاڑی پر فائرنگ سے ان کا ڈرائیور جاں بحق ہو گیا۔

رہنما جماعت اسلامی امتیازپالاری کا کہنا ہے کہ نامعلوم افراد نے گاڑی کا گھیراؤ کرکے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ڈرائیور جاں بحق ہوگیا۔

دوسری جانب کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں فائرنگ سے مسجد خیر العمل فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری سلمان حیدر جاں بحق ہو گئے۔

تر جمان مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے سلمان حیدر کے قتل کی مذمت کی گئی ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے امتیاز پالاری کی گاڑی پر فائرنگ اور سلمان حیدر کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے سلمان حیدر اور امتیاز پالاری کے ڈرائیور کےاہل خانہ سے تعزیت کی ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے حکومت سندھ سے حملہ آوروں کی گرفتاری اور انہیں سزا دلوانے کا مطالبہ کرتے ہوئے حیدرآباد پریس کلب پر مظاہرے کا اعلان بھی کیا۔

جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ سلمان حیدرکا قتل بے امنی پھیلانے اور فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرنے کی سازش ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے مطالبہ کیا کہ سلمان حیدر کے قاتلوں کوفی الفور گرفتار کیا جائے ساتھ ہی امتیاز پالاری پر قاتلانہ حملہ کرنے والوں کو قرار واقعی سزا دی جائے ۔

انھوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور محکمہ پولیس شہریوں کے تحفظ میں ناکام ہوگئے ہیں امتیاز پالاری پر قاتلانہ حملے کے خلاف دوپہر 3 بجے حیدرآباد پریس کلب پر مظاہرہ ہو گا۔