الخدمت فاؤنڈیشن کے زیرِ انتظام مستحق افراد میںرضائیوں کی تقسیم کی تقریب منعقد ہوئی

گجرات : کے مطابق الخدمت فاؤنڈیشن ضلع گجرات نے کھاریاں میں 100سے زائد مستحق خاندانوں میں رضائیاں تقسیم کیں ۔ سابق امیر جماعتِ اسلامی قاضی حسین احمد نے اس تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور مستحق خاندانوں میں رضائیاں تقسیم کیں۔ دیگر مہمانِ گرامی میںضلعی امیر جماعتِ اسلامی گجرات ڈاکٹر سیّداحسان اللہ شاہ، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر طارق سلیم ،امیر جماعتِ اسلامی زون 115 چوہدری عمران انور،صدر الخدمت  فاؤنڈیشن تحصیل کھاریاں حاجی غضنفر اقبال، صدر الخدمت  فاؤنڈیشن کھاریاں ڈاکٹر حامد الرحمٰن اورعزیز احمد کسانہ شامل تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قاضی حسین احمد نے کہا کہ مستحق اور نادار لوگوں کی امداد ہمارا فرض ہے جس میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتنی چاہیے۔ الخدمت  فاؤنڈیشن کسی تعصب اور سیاسی مفاد سے بالا تر ہو کر صرف اور صرف رضائے الٰہی کے لئے خدمتِ خلق کا یہ فریضہ سرانجام دے رہی ہے۔ صاحبِ استطاعت لوگوں کو چاہیے کہ وہ بھی الخدمت  فاؤنڈیشن کی خدمتِ خلق کے مشن میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور اس ادارے کو مزید موثر بنا کر مستحقین کی فلاح و بہبود کیلئے اپنا حصہ ڈالیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اللہ اور اس کے رسولۖ کے احکامات سے ہمیں آگاہی ہوتی ہے کہ معاشرتی اور معاشی اقدار میں اس وقت تک تنوع نہیں آسکتا جب تک ہم اپنے اپنے حصے کی ذمہ داریاں اور فرائض خوش اسلوبی سے پورے نہیں کرتے۔ تقریب کے اختتام پر اجتماعی دعا بھی کروائی گئی ۔اگلے مرحلے میں الخدمت  فاؤنڈیشن ضلع گجرات کے زیرِ انتظام لالہ موسیٰ میں بھی 200سے زائد مستحق خاندانوں میں رضائیوں کی تقسیم کی جائے گی۔