الیکشن کمیشن کی ہتھ بندیاں ختم کرکے اسے بااختیار بنایا جائے۔ شاہدغوری

اسلام آباد(جی پی آئی)پاکستان سُنی تحریک کے مرکزی رہنما محمد شاہد غوری نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی ہتھ بندیاں ختم کرکے اسے بااختیار بنایا جائے۔جب تک الیکشن کمیشن کو سیاسی دبائو سے نجات نہیں دلائی جاتی شفاف الیکشن ممکن نہیں۔بعض لوگ بروقت اورشفاف الیکشن نہیں چاہتے، اگرایسا کیا گیا تو ملک بدامنی اورانتشار کا شکارہوجائے گا۔

کسی کو بھی کراچی کے عوام کو یرغمال بناکر اپنی من مانی نہیں کرنے دیں گے۔کلاشنکوف کے سائے میں ٹھپہ الیکشن قبول نہیں۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے احتجاجی دھرنے میں شرکت کے موقع پرپارلیمنٹ کے باہرمیڈیاکے نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔شاہدغوری نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے اس پر امن دھرنے کا مقصد الیکشن کمیشن کی خود مختاری کے تحفظ کو ہر قیمت پر یقینی بنانا ہے۔ جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کو کوشش کو ہرقیمت پرناکام بنائیں گے۔

کراچی میں قیام امن کیلئے شفاف انتخابی فہرستیںاورنئی حلقہ بندیاں ناگزیر ہیں انتخابی عمل کو یرغمال نہیں بنانے دیا جائے گا۔ سپریم کورٹ کے احکامات کے تناظرمیں انتخابی فہرستوں کی تصدیق کے عمل میں فوج کو شامل کیاجائے۔پاکستان سُنی تحریک کے مرکزی رہنما محمدزاہدحبیب قادری نے کہا کہ حکمرانوں کی مصلحت پسندی نے شہرقائد کاامن تباہ کردیاہے ۔حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے شہریوں کے جان ومال کے تحفظ میں بری طرح ناکام ہو چکے ہیں شہریوں کو قاتلوں اورلٹیروں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔کراچی میں امن و امان کے قیام کیلئے سنجیدہ اقدامات کیے جائیں۔

انہوں نے کہاکہ کراچی کو دہشتگردی سے پاک کرنے کیلئے تمام محب وطن جماعتوں کو مل کر جدوجہد کرنا ہوگی ۔مشترکہ جدوجہد کے ذریعے ہی مسائل حل کئے جاسکتے ہیں۔اس موقع پرسُنی تحریک کے صوبائی صدرمحمدشاداب رضانقشبندی نے کہا کہ جونہی الیکش قریب آتے ہیں دہشتگرداورلسانی جماعتیں پاکستان سُنی تحریک کے کارکنان اورعلمائے کرام کاقتل عام شروع کردیتی ہیںتاکہ ہمیں الیکشن میں بھرپور طریقے سے حصہ لینے سے روکاجائے، لیکن ہم انھیں یہ بتادینا چاہتے ہیں کہ ہم ملک کی سلامتی واستحکام کیلئے پہلے بھی قربانیاں دیتے آئے ہیں اورآئندہ بھی دیتے رہیں گے۔ انتخابات کی راہ میں کوئی چیز حائل نہیں ہونی چاہیے۔

کراچی میں قتل وغارت گری کی اصل وجہ جعلی مینڈیٹ ہے،شہرکے حالات کی تبدیلی کیلئے حقیقی مینڈیٹ لانا ہوگا ۔اس موقع پر جڑواں شہروں سے پاکستان سُنی تحریک کے عہدیداروںمفتی لیاقت علی رضوی، علامہ وسیم عباسی، علامہ طاہراقبال چشتی، عطاء الرحمن دھنیال، ملک عبدالرئوف، صاحبزادہ عبدالرحمن سیالوی، علامہ اشفاق احمدصابری کے ہمراہ سینکڑوں کارکنان شریک تھے ۔ سُنی تحریک کے کارکنان نے تحریکی پرچم اورکتبے اٹھارکھے تھے جن پر الیکشن کمیشن کے حق میں نعرے درج تھے۔