امریکا کا کنٹرول لائن پر فائرنگ کے واقعے پر اظہار تشویش

Victoria nuland

Victoria nuland

امریکا نے حاجی پیر سیکٹر میں فائرنگ پر اظہار تشویش کرتے ہوئے ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے سنجیدہ اقدامات کی اہمیت پر زور دیا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان وکٹوریہ نولینڈ نے کہا ہے کہ کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے ساتھ تشدد کے کسی بھی واقعے پر تشویش ہوتی ہے۔ امریکا نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب امور پر مثبت پیش رفت کیلئے پاک بھارت کوششوں کی حمایت کی ہے۔ وکٹوریہ نولینڈ کا مزید کہنا تھا کہ لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف فائرنگ کے خاتمے، تجارت اور سفری سہولیات کی بحالی پر زور دیتا ہے۔

دوسری جانب پاکستان نے کنٹرول لائن پر بلا اشتعال فائرنگ پر شدید احتجاج کرتے ہوئے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفترخارجہ طلب کیا۔ ترجمان دفترخارجہ کے مطابق بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنرکو احتجاجی مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بھارت مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے اقدامات کرے۔

اتوار کے روز باغ کے علاقے حاجی پیر سیکٹرمیں سواں پترا چیک پوسٹ پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے ایک پاکستانی فوجی شہید اور متعدد زخمی ہو گئے تھے جبکہ پاکستانی جوانوں کی بھرپور جوابی کارروائی پر بھارتی فوجی اسلحہ پھینک کر فرار ہو گئے تھے۔