امریکا کا 236 واں جشن آزادی: وائٹ ہاؤس میں تقریب آتشبازی

236 th Independence Day USA

236 th Independence Day USA

امریکا : (جیو ڈیسک) امریکا میں آزادی کا دوسو چھتیسواں جشن منایا جارہا ہے۔ آتشبازی کا شاندار مظاہرہ کیاگیا۔ جبکہ وائٹ ہاؤس میں خصوصی تقریب کا انعقاد ہوا۔ جس میں امریکی صدر براک اوباما بچوں سے اٹھکیلیاں کرتے نظرآئے۔

دنیا کے مختلف ممالک میں جارحیت کا مرتکب امریکا آج برطانوی جارحیت سے آزادی کا دن منا رہا ہے، سترہ سو چھہتر میں آج ہی کے دن امریکہ کے بانیان نے برطانیہ سے آزدی کا اعلان کیا تھا، امریکا کے یوم آزادی کو روایتی طور پرفورتھ آف جولائی کے نام سے جانا جاتا ہے، امریکہ میں آج کے دن عام تعطیل ہوتی ہے جسے عوام پکنک، پریڈز اور کنسرٹس جیسی تفریحی سرگرمیوں میں گزارتے ہیں۔

نیویارک اور واشنگٹن سمیت امریکہ کے کئی بڑے شہروں اور قصبات میں روایتی آتش بازی کا مظاہرہ کیا جارہا ہے۔ فلیڈلفیا میں دو سو پینتیس برس قبل اعلانِ آزادی منظور کیا گیا تھا، یوم آزادی کی اہم تقریب یہ بھی ہے جس میں امریکا کی شہریت پانے والے سو نئے افراد سٹیزین شپ کا حلف اٹھاتے ہیں۔

امریکا کے یوم آزادی کے موقع پر صدر مملکت آصف زرداری اور وزیر اعظم راجا پرویز اشرف کی جانب سے براک اوباما کو مبارکباد کا پیغام بھجوایا گیا ہے جس میں انھوں نے پاکستانی حکومت اور عوام کی طرف سے امریکی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔