امریکا : گردن توڑ بخار سے ہلاکتوں کی تعداد 12 ہو گئی

America

America

امریکا (جیوڈیسک) ناقص ادویات کے باعث امریکہ میں گردن توڑ بخار سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 12 ہوگئی ہے۔امریکی مرکز برائے مرض کنٹرول و تدارک کے حکام نے بتایا کہ تیرہ ہزار افراد نے آلودہ انجکشن حاصل کئے جو فنگل انفکشن کا باعث بنے جو بہت کم ہوتا ہے۔ سب سے زیادہ تنیسی کی ریاست متاثر ہوئی ہے جہاں 39 کیس سامنے آئے ہیں جبکہ مشی گن میں 25، ورجینیا میں 24، فلوریڈا، میری لنڈ، وینی سوٹا، نیو جرسی، انڈیانا، شمالی کیرولینا اور اوہائیو میں بھی کیس سامنے آئے ہیں۔ فلوریڈا کے محکمہ صحت نے بتایا کہ ریاست میں پہلی موت منگل کو دیر گئے کو ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک ستر سالہ شخص جو جولائی میں ہلاک ہوا تھا اس کی موت کی وجہ بھی یہ آلودہ انجکشن بتائی گئی ہے۔ گردن توڑ بخار سے دماغ اور ریڑھ کی ہڈی بری طرح متاثر ہوتے ہیں۔ اس مرض کا ابتدائی طور پر پتہ نہیں چلایا جاسکتا اور جب معلوم ہوتا ہے تو بہت دیر ہوچکی ہوتی ہے کیونکہ شروع میں صرف معمولی زکام ہوتا ہے۔

علاج کیلئے ہسپتال میں قیام کرنا پڑتا ہے اور اینٹی فینگل ادویات استعمال کرنا ہوتی ہیں۔ امریکی صحت کے حکام کو شبہ ہے کہ نیو انگلینڈ کمپانڈنگ سینٹر ماساچیوسٹس میں یہ دوا تیار ہوئی جو آلودہ تھی اور اس سے یہ وبا پھیلی۔ حکام نے مختلف ریاستوں نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ کمپنی جس نے یہ انجکشن تیار کئے تھے رضا کارانہ طور پر اپنی مصنوعات واپس لے لی ہیں اور تمام تر سرگرمیاں بند کر دی ہیں۔