امریکہ ایف سولہ طیاروں کے اسپیئر پارٹس فراہم کرے گا

F 16طیارہ ساز امریکی کمپنی لک ہیڈ مارٹن دس ایف سولہ طیاروں کی اپ گریڈیشن کے لیے پاکستان کی فنی معاونت کرے گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی کمپنی سی ون تھرٹی اور تربیتی طیاروں ٹی ڈبل تھری اور ٹی تھرٹی سیون کے لیے بھی فنی معاونت فراہم کرے گی۔
لاک ہیڈ مارٹن کو یہ ٹھیکا امریکا کے فارن ملٹری سیلز پروگرام کے تحت دیا گیا جس کی مالیت چار کروڑ 23 لاکھ ڈالرز ہے۔ امریکی ائر فورس کے ذریعے دیئے گئے اس ٹھیکے کے تحت ایف سولہ طیاروں کے لئے دس اپ گریڈ کٹس بھی فراہم کی جائیں گی۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات میں چیلنجز درپیش ہیں لیکن ان پر قابو پانے کے لئے مل کر کام کرنا اور طویل مدتی شراکت قائم کرنا دونوں ممالک کے اسٹریٹجک مفاد میں ہے ۔ پاکستان میں امریکی سفارت کاروں کی نقل و حرکت پر پابندیوں سے متعلق سوال پر مارک ٹونر نے کہا کہ امریکی سفارت کار پاکستان میں نقل حرکت اور اپنے فرائض کی ادائیگی کے لئے آزاد ہیں۔ تاہم پاکستان نے اس سلسلے میں کچھ قواعد و ضوابط سے امریکا کو آگاہ کیا ہے جن پر عمل درامد کی کوشش کی جائے گی۔