عدلیہ کے ساتھ حکومتی محاز آرائی برداشت نہیں۔ شہباز شریف

shehbaz sharifپنجاب کے وزیراعلی محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ان کی جماعت پاکستان میں انصاف کا قتل نہیں ہونے دے گی اور اگر کسی نے چور دروازے سے پارلیمنٹ میں عدلیہ کیخلاف قرار داد منظور کی تو نہ صرف پارلیمنٹ بلکہ گلی گلی میں ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت عدلیہ کے ساتھ محاذ آرائی کی آڑ میں اپنی لوٹ کھسوٹ اور اربوں روپے کے ڈاکے پر پردہ ڈالنا چاہتی ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت غریب اور بے سہارا عوام کی خون پسینے کی کمائی لوٹ کر سوئس بنکوں میں منتقل کر رہی ہے لیکن وہ ملک کو تباہی سے بچانے کیلئے آخری حد تک جائیں گے۔ وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ وہ اور ان کے وزرا اپنے جیب خرچ سے بیرونی دورے کرتے ہیں جبکہ صدر اور وزیراعظم اربوں روپے بیرونی دوروں پر لٹا رہے ہیں۔