امریکی ڈرون حملے نقصان دہ ہیں امریکا متبادل ذرائع استعمال کرے۔ پرویز اشرف

Raja Pervaiz Ashraf

Raja Pervaiz Ashraf

اسلام آباد(جیوڈیسک)وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے ڈرون حملوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امریکہ سے ڈرون حملے روکنے کا مطالبہ کر دیا، ان کا کہنا تھا کہ ڈرون حملے غیر موثر اور نقصان دہ ہیں، دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے متبادل ذرائع استعمال کئے جائیں۔

سرکاری ذرائع کے مطابق پاکستان میں نئے تعینات ہونے والے امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سے ملاقات کی جس میں پاک افغان سمیت خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ رچرڈ اولسن کی پاکستان میں بطور سفیر کی تعیناتی کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ وزیراعظم نے پاکستان میں ہونے والے ڈرون حملوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملے غیر قانونی، غیر موثر اور نقصان دہ ہیں۔

امریکہ ڈرون حملوں کو فوری طور پر بند کرے اور دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے بجائے متبادل ذرائع استعمال کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مساجد ، بچوں اور سکولوں کو نشانہ بنانے والوں کیخلاف لڑ رہا ہے۔ اس موقع پر امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ امریکہ پاکستانی عوام کی قربانیوں کا احترام کرتا ہے اور قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ امریکہ پاکستان سے باہمی احترام پر مبنی تعلقات چاہتا ہے۔ ہم پاکستان کی دہشتگردی کیخلاف قربانیوں کو سراہتے ہیں۔ میں ڈرون حملوں کیخلاف مطالبے کو امریکی حکام کے سامنے اٹھاؤں گا۔