امریکی گستاخانہ فلم کے خلاف ملک گیر کا احتجاج ، ریلیاں

 

Muslims protest

Muslims protest

امریکا(جیوڈیسک)امریکا میں بننے والی گستاخانہ فلم کیخلاف پاکستان میں شدید احتجاج کیا گیا، مختلف شہروں میں مذہبی تنظیموں نے نماز جمعہ کے بعد مظاہرے کئے جن میں مظاہرین نے امریکا سے تعلقات ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق نے اکوڑہ خٹک میں بہت بڑی احتجاجی ریلی اور جمعتہ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس ناپاک جسارت کے ذریعے مسلمانوں کے جذبات کو بھڑکانے کی سازش کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نبی آخرالزمان صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی عزت اور ناموس کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔ انہوں نے مسلم حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ وہ امریکہ کے ساتھ مکمل بائیکاٹ کرے اور حکومت پاکستان امریکی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کرکے بھرپور احتجاج کرے۔

اسلام آباد میں مجلس وحدت المسلمین نے امریکی سفارتخانے کی طرف احتجاجی ریلی نکالی۔ ریلی کے شرکا کو روکنے کے لیے ریڈ زون کی طرف جانے والے راستے خاردار تاریں بچھا کربند کر دیئے گئے تھے۔ مظاہرین کی خار دار تاریں ہٹا کر آگے بڑھنے کی کوشش میں پولیس کے ساتھ جھڑپ ہوئی۔ ریلی کے شرکا نے اس موقع پر نعرہ بازی کی۔ گستاخانہ فلم کیخلاف لاہور کے علاقے چوبرجی میں تحریک حرمت رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے زیر اہتمام مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے دفاع پاکستان کونسل کے رہنما حافظ محمد سعید نے مطالبہ کیا کہ تمام اسلامی ممالک امریکا سے سفارتی تعلقات ختم کر دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ناموس رسالت پر کسی صورت سمجھوتا نہیں ہوسکتا۔

پشاور میں دفاع پاکستان کونسل کے زیر اہتمام مسجد مہابت خان سے ریلی نکالی گئی۔ جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر پروفیسر ابراہیم نے کہا کہ عالم اسلام کے دل اس جسارت پر خون کے آنسو رو رہے ہیں۔ حکومت کو بھی سخت احتجاج کرنا چاہیئے۔ پشاور پریس کلب کے سامنے امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے کارکنوں نے احتجاج کیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ امریکہ سے تعلقات منقطع کئے جائیں۔ جمیعت علمائے اسلام کے کارکنوں نے بھی پریس کلب کے باہر احتجاج کیا۔ مظاہرین نے امریکہ اور اسرائیل کو اسلام اور انسانیت کا دشمن قرار دیا۔

حیدر آباد میں جماعت اسلامی اور جماعت الدعو کے کارکنوں نے پریس کلب کیسامنے احتجاج کیا۔ مظاہرین نے امریکہ کے خلاف شدید نعرہ بازی کی۔ بہاولپورمیں بھی جماعت اسلامی کے کارکنوں نے مسجد الحق سے فرید گیٹ تک احتجاجی ریلی نکالی۔