انتخابات کے انعقاد میں ایک دن بھی تاخیر نہیں ہو گی: صدر زرداری

Asif Ali Zardari

Asif Ali Zardari

اسلام آباد(جیوڈیسک) صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ انتخابات کے انعقاد میں ایک دن بھی تاخیر نہیں ہو گی، التوا چاہنے والے مایوسی کا شکار ہو چکے ہیں۔

صدارتی ترجمان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ کسی بھی بہانے انتخابات ملتوی کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، انتخابات آئین کے تحت مقررہ وقت پر منعقد کرائے جائیں گے اور ایک دن کی بھی تاخیر نہیں ہو گی۔ صدر زرداری نے وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف ،اتحادیوں، جمہوری اپوزیشن، سیاسی قوتوں ، سول سوسائٹی اور میڈیا کو اسلام آباد احتجاج کے پر امن خاتمے اور کامیاب اعلامیے پر مبارک باد دی ہے۔

صدر زرداری کا کہنا ہے کہ یہ اعلامیہ شہید بے نظیر بھٹو کی مفاہمتی پالیسی کا نتیجہ ہے اور ملک میں جمہوریت کے تحفظ کے لیے سیاسی قوتوں کا اتحاد لائق تحسین ہے اور طاقت کے استعمال کے بغیر معاملے کا پرامن حل جمہوریت اور مفاہمت کی فتح ہے۔

صدر زرداری نے احتجاج کرنے والوں کے پر امن رویئے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کردار کو بھی سراہا۔