انتخابی فہرستوں کی تصدیق کے لیے کراچی 3 زونز میں تقسیم

Election Commission

Election Commission

اسلام آباد(جیوڈیسک) انتخابی فہرستوں کی تصدیق کے لیے کراچی کو 3 زونز میں تقسیم کر دیا۔ تینوں زونز کے لیے سیکیورٹی اقدامات مختلف ہوں گے۔

الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق انتخابی فہرستوں کی تصدیق کے لیے کراچی کو نیوٹرل، حساس اور حساس ترین زونز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ تینوں زونز میں سیکیورٹی کے اقدامات مختلف ہوں گے۔ الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق حساس ترین زون میں فوج کی سیکیورٹی بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

سیکیورٹی بڑھانے کے لیے سیکرٹری دفاع لیفٹننٹ جنرل (ر) آصف یاسین ملک اور سیکرٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد خان میں اتفاق رائے ہوا ہے۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن نے پابندی کے باوجود بھرتیوں کی خبروں کا نوٹس لے لیا۔ الیکشن کمیشن ارکان نے بھرتیوں سے متعلق خبروں اور ٹی وی فوٹیج کا ریکارڈ منگوا لیا ہے۔

کمیشن نے گزشتہ تاریخوں میں ریلوے میں بھرتیوں اور وزیر اعظم کے حلقے میں سیلاب زدگان کے فنڈزکی منتقلی سے متعلق خبروں کا ریکارڈ بھی طلب کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد متعلقہ محکموں اور وزارتوں کو نوٹس بھیجنے پر غور کر رہا ہے۔