انصاف کا عمل آگے بڑھتا ہے تو احتساب پر منتج ہوتا ہے، امیر پٹی

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) روشن پاکستان پارٹی (محب وطن ) کے قائد امیر پٹی نے میڈیا اور سیاستدانوں کی جانب سے سپریم کورٹ کے وزیراعظم کی گرفتاری کے حکم و فیصلے کو طاہرالقادری کے دھرنے کے ساتھ موازنہ کے ذریعے متنازعہ بنانے کی کوششوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کل تک جمہوریت کے نام پر اپنے اقتدار کیلئے آزاد عدلیہ کی تحریک چلانے والوں نے عدلیہ کے فعال کردار سے بیزار ہوکر عدلیہ کے خلاف بھی سازشوں کا آغاز کردیا ہے۔

کیونکہ وہ عدلیہ کی غیر جانبداری ، دیانتداری اور فعالیت سے خوفزدہ ہیں اور نہیں چاہتے کہ عدلیہ انصاف کی فراہمی کے ساتھ عوامی مفادات کے تحفظ کے فریضے کی ادائیگی کا تسلسل جاری رکھے کیونکہ انصاف کا عمل جب آگے بڑھتا ہے تو احتساب پر منتج ہوتا ہے اور اگر احتساب شروع ہوگیا تو پھر وہ تمام سیاستدان محلوں کی بجائے سلاخوں کے پیچھے بیٹھے یا پھندے پر لٹکتے دکھائی دیں گے۔

جو عرصہ دراز سے بار بار اقتدار کے مزے لوٹنے کے ساتھ ملک وقوم کو بھی لوٹتے رہے ہیں اور اپنے مفادات کیلئے قوم میں انتشار و افتراق کے زریعے قتل و غارت کے ذمہ دار بھی ہیں اسلئے یہ مجرم طبقہ یکجا ہوکر عدلیہ پر کیچڑ ا چھالنے کے ساتھ انقلاب کی راہ روکنے کی بھی کوشش کر رہا ہے۔