انڈین ہاکی لیگ سے 9 پاکستانی کھلاڑیوں کو فارغ کر دیا گیا

Indian Hockey League

Indian Hockey League

لاہور(جیوڈیسک) انڈیا ہاکی لیگ سے تمام نو پاکستانی کھلاڑی بغیر کھیلے وطن واپس آ رہے ہیں۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کا کہنا ہے کہ اس سے پاک بھارت سیریز متاثر نہیں ہو گی۔

نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آصف باجوہ نے کہا کہ قومی کھلاڑیوں کی سیکیورٹی سے متعلق اپنے تحفظات بارے بھارتی حکام کو آگاہ کر دیا تھا۔ ہاکی انڈیا نے سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائی تھی۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی سیاسی جماعتوں کی جانب سے شیو سینا کے احتجاج کی حمایت پر قومی کھلاڑیوں کو وطن واپس بلا رہے ہیں۔ سیکرٹری پی ایچ ایف نے بتایا کہ ہاکی انڈیا نے لیگ میں شریک تمام نو کھلاڑیوں کو معاوضے دینے کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہاکی انڈیا سے پاک بھارت دوطرفہ سیریز سمیت تمام معاملات شیڈول کے مطابق ہوں گے۔ وطن واپس آنے والے قومی ہاکی کھلاڑیوں میں رضوان جونیئر ، رضوان سینیئر، عمران بٹ ، فرید احمد، محمد توثیق، محمود رشید، شفقت رسول، کاشف شاہ اور محمد عرفان شامل ہیں۔ تمام کھلاڑی اس وقت دہلی ایئرپورٹ پر ہیں جو پہلی دستیاب پرواز سے وطن واپس آ جائیں گے۔