انگلینڈ کیخلاف سیریز میں سخت محنت کرنا ہو گی۔ محسن خان

Mohsin Khan

Mohsin Khan

پاکستان کرکٹ ٹیم کے موجودہ کوچ محسن حسن خان کا کہنا ہے کہ سری لنکا اور بنگلہ دیش کیخلاف ٹیم کی پرفارمنس متاثر کن رہی ہے، اصل امتحان انگلینڈ کیخلاف سیریز میں ہوگا۔ دورہ بنگلہ دیش سے واپسی کے بعد کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن حسن خان نے کہا کہ رواں سال پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی اچھی رہی ہے جس کی وجہ سے ٹیم اور کھلاڑیوں کی رینکنگ میں بہتری آئی ہے۔
انھوں نے کہا کہ سری لنکا کیخلاف یو اے ای سیریز اور دورہ بنگلہ دیش کے دوران کھلاڑیوں کی خامیوں کو مانیٹر کیا ہے جس پر قابو پانے کی کوشش کریں گے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کوچ کا کہنا تھا کہ انگلینڈ آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں سرفہرست ہے اور اس کے ساتھ میچز کانٹے دار ثابت ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کیلئے کوچ مقرر کرنا پی سی بی کا کام ہے اگر انھیں کوچنگ کی آفر کی گئی تو خدمات پیش کرنے کیلئے تیار ہیں۔ نوجوان بیٹسمین اسد شفیق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سخت محنت کے بعد وہ ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی سنچری اسکور کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ،سینئرز اور کوچ کابھرپور تعاون حاصل ہونے کی وجہ سے ان کی پرفارمنس بہتر ہوئی ہے۔