اوو سیز پاکستانیوں کے ووٹ ڈالنے کا معاملہ موخر

election commission of pakistan

election commission of pakistan

الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ سے نااہل قرار پانے والے دہری شہریت کے حامل گیارہ اراکین پارلیمنٹ کے کیسز صوبائی الیکشن کمیشنز کو بھجوا دیئے ہیں جبکہ اوو سیز پاکستانیوں کے ووٹ ڈالنے کا معاملہ موخر کردیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے اوو سیز پاکستانیوں کے ووٹ ڈالنے کا معاملہ موخر کردیا ہے اور کہا ہے کہ قانونی پیچیدگیوں کے باعث انہیں فی الحال ووٹ کاحق نہیں دیاجاسکتا، الیکشن کمیشن کے مطابق 5 نئی سیاسی جماعتیں رجسٹرڈ کرلی گئیں جن میں مسلم لیگ ہم خیال بھی شامل ہے۔ نئی جماعتوں کو انتخابی نشان بھی الاٹ کردیے گئے ہیں ۔

سپریم کورٹ کی ہدایت پر پیش رفت کرتے ہوئے الیکشن کمیشن نے صوبائی الیکشن کمیشنز کو نااہل اراکین کے کیسز بھجوائے ہیں ۔ صوبائی الیکشن کمیشن ان اراکین کے خلاف مقدمات چلانے کے لیے سیشن ججز کو کیسز بھجوائیں گے اور مدعی بھی بنیں گے ۔ رحمان ملک کے خلاف بھی دو ہزار آٹھ میں غلط حلف نامہ جمع کرانے پر سیشن کورٹ میں مقدمہ بھیجا جائے گا جبکہ ان کی ر کنیت سے متعلق فیصلہ چیئرمین سینیٹ کریں گے۔

الیکشن کمیشن نے ان آٹھ خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات کا اعلان بھی کردیا ہے جو 17 نومبر کو ہوں گے جن میں قومی اسمبلی کی تین اور صوبائی اسمبلی کی پانچ نشستیں شامل ہیں الیکشن کمیشن نے سترہ اکتوبر کو ووٹرز کے قومی دن کے طور پر منانے کا بھی اعلان کیا ہے۔