اٹک : فوج عدلیہ کا ساتھ دے، عمران خان کا مطالبہ

imran khanاٹک : تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل در آمد نہ ہونے پر حکومت کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی استدعا کرتے ہوئے فوج کو چیف جسٹس کا ساتھ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
اٹک کے سیاسی کارکنوں کی تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر عمران خان نے ملک کی بڑی سیاسی جماعتوں کے خلاف ہمیشہ کی طرح ان کی پالیسیوں کی مخالفت کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ کبھی پیپلز پارٹی ، مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم سے انتخابی اتحاد نہیں کریں گے۔
سیاسی نظام کو میوزیکل چیئرز کا لقب دیتے ہوئے تحریک انصاف کے سربراہ نے کہا کہ کرپشن چھپانے کے لئے زرداری اور نواز شریف ایک ہوچکے ہیں، موجودہ نظام سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لئے مڈ ٹرم انتخابات ناگزیر ہیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلوں پر عمل در آمد کے لئے تحریک انصاف ملک بھر میں مہم چلائے گی جبکہ اس سلسلے میں پارلیمنٹ کے باہر دھرنے اور احتجاجی مظاہرے بھی کئے جائیں گے۔