کراچی : ایس ایس پی کے گھر کے باہر دھماکہ، آٹھ جاں بحق

karachi blast

karachi blast

کراچی میں ڈیفنس میں ایس ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم کے گھر پر خود کش حملے میں ایک بچے سمیت آٹھ افراد جاں بحق اور چارزخمی ہوگئے۔ دھماکے میں چوہدری اسلم محفوظ رہے دھماکے سے زمین پر چھ فٹ گہرا گڑھا پڑ گیا۔ دھماکہ صبح تقریبا 7 بجکر 30 منٹ پر کیا گیا۔ دھماکے کے فورا بعد پولیس، ریجنرز اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں نے دھماکے کی جگہ کو کورڈن آف کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔
پولیس کے مطابق دہشتگردوں نے بارود سے بھری گاڑی چوہدری اسلم کے گھرسے ٹکرائی ۔ جس کے نتیجے میں چھ سیکیورٹی گارڈز بھی جاں بحق اور چار زخمی ہوئے ۔ جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ ایدھی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں سے دو نعشوں کی شناخت 30 سالہ علم الدین اور 40 سالہ منور کے نام سے ہوئی ہے۔ دھماکے سے متعدد گاڑیاں بھی تباہ ہوگئیں اور قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔ دھماکے سے چوہدری اسلم کی رہائشگاہ کا ایک حصہ بھی تباہ ہوا۔
دھاکے کے بعد علاقے میں تعلیمی ادارے بند کردیئے گئے دھماکے سے قریبی اسکول کی ٹیچر اور اس کا آٹھ سالہ بیٹا محب خان بھی جاں بحق ہوگئے۔ اسکول میں آج اسپورٹس ڈے تھا۔
سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیاہے ۔ ایس ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ وہ سورہے تھے جب دھماکہ ہوا۔ انہیں اندازہ نہیں تھاکہ ان کے بچوں پرحملہ کیا جائیگا۔ انھوں نے کہاکہ وہ بزدلانہ کارروائیوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں ۔ وہ دہشتگردوں کے خلاف ایسی کارروائی کرینگے کہ ان کی نسلیں یاد رکھیں گی۔
ایڈیشنل آئی جی سندھ سعود مرزا نیکہاہے کہ چوہدری اسلم کے گھرکے باہر دھماکے میں تین سوکلوگرام سے زیادہ بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ جائے وقوعہ کے دورے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایس ایس پی سی آئی اے چوہدری اسلم نے دہشتگردوں کے خلاف سب سے زیادہ کارروائیاں کی ہیں۔
آئی جی سندھ واجد درانی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی کے انتظامات مزید بہتربنائے جائینگے خود کش حملوں سے حوصلے پست نہیں ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کو پولیس ڈیپارنمنٹ کے تحت معاوضہ ادا کیا جائے گا۔
گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العبادخان اور وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے بھی دھماکے کی شدید مذمت کی ہے اور اسے بزدلانہ کارروائی قرار دیا ہے۔ انہوں نے جاں بحق ہونے والوں کے لئے دعا مغفرت کی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔