باجوڑ: سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 28 مشتبہ جنگجو ہلاک

Bajaur Security Forces

Bajaur Security Forces

افغان سرحد سے ملحقہ قبائلی علاقے باجوڑ میں ہفتہ کو سکیورٹی فورسز اور شدت پسندوں کے درمیان جھڑپ میں دو درجن سے زائد مشتبہ عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔

سالار زئی کے علاقے میں سکیورٹی فورسز نے گن شپ ہیلی کاپٹروں سے مشتبہ شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر گولہ باری کر کے متعدد کو تباہ کر دیا۔ حکام کے مطابق یہاں 28 مشتبہ جنگجوں کو ہلاک اور 15 کو گرفتار کیا گیا ہے۔

تاہم لڑائی والے علاقے میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو رسائی حاصل نہیں جس کی وجہ سے یہاں ہونے والے جانی نقصانات کی آزاد ذرائع سے تصدیق ممکن نہیں۔

ہفتے کو ہونے والی اس لڑائی میں باجوڑ ایجنسی کے مقامی رضاکار بھی سکیورٹی فورسز کی مدد کررہے ہیں۔ تازہ جھڑپوں میں چار رضاکار بھی ہلاک اور دو زخمی ہوئے ہیں۔

حکام نے سکیورٹی فورسز کے دو اہلکاروں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔