بارش کا سلسلہ جاری ، میانوالی میں پانی گھروں میں داخل

Mianwali

Mianwali

میانوالی (جیوڈیسک) مختلف شہروں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ میانوالی میں صبح سویرے ہونے والی تیز بارش سے پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔پنجاب اور خیبر پختونخوا کے اکثر شہروں پر بادل چھائے ہوئے ہیں۔میانوالی میں صبح کے وقت موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے اور پانی گھرو ں میں داخل ہوگیا جس سے قیمتی سامان تباہ ہوگیا اور لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ شہر اور گردو نواح میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ اب تک ننانوے ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

ادھر چوبارہ ،لیہ ،حجرہ شاہ مقیم، کندیاں، چشمہ، ہرنولی اور قائد آباد میں بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹے میں گوجرانوالہ ، راولپنڈی، سرگودھا، بنوں ، ہزارہ، ڈی آئی خان اور کشمیر میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہیجبکہ میدانی علاقوںمیں آج سے گرمی کی شدت میں بتدریج اضافہ ہوسکتا ہے۔

دن گیارہ بجے اسلام آباد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔لاہور اور کوئٹہ 30، پشاور 31 اور ملتان میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔