باغیوں کے حملے میں شامی فضائیہ کا جنرل ہلاک ہوگیا

Insurgent Attack

Insurgent Attack

شام(جیوڈیسک)شام کی فضائیہ کے ایک جنرل کو باغیوں نے دمشق کے مضافات میں حملہ کرکے ہلاک کر دیا ہے۔ شام کے سرکاری ٹی وی کے مطابق عبداللہ محمود الخالدی رات گئے رکن الدین کے علاقے میں گولی مار کر ہلاک کیا گیا۔

یہ حملہ باغیوں کی جانب سے اعلی حکام پر کیے گئے حملوں کی ایک کڑی لگتا ہے جس میں کئی اعلی حکام کونشانہ بنایا گیا ہے۔ جولائی میں دمشق ہی میں ایک حملے میں صدر بشار الاصد کے برادر نسبتی آصف شوکت ایک بم دھماکے کے نتیجے میں ہلاک ہو گئے تھے۔ اسی حملے میں شامی وزیر دفاع بھی ہلاک ہوئے تھے۔ سرکاری ٹی وی کے مطابق جنرل عبداللہ ایک ماہر ہوا باز سمجھے جاتے تھے۔ جنرل عبداللہ شام کی فضائیہ کی کمان کا بھی حصہ تھے۔

دوسری جانب شام میں حزبِ مخالف کے کارکنوں نے الزام لگایا کہ عید الاضحی کے موقع پر حکومتی افواج کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیاں کی گئیں۔ اقوامِ متحدہ کی کوششوں سے جمعے کو شامی حکومت اور باغیوں کے درمیان عید الاضحی کے موقع پر جنگ بندی کروائی گئی تھی جس کی دمشق میں ہونے والے کار بم دھماکے اور لڑائی کے باعث خلاف ورزی ہوئی تھی۔ شام میں فریقین کے مابین ہونے والی اس عارضی جنگ بندی کے پہلے روز ہی ایک سو پچاس افراد کی ہلاکت کی اطلاع سامنے آئیں تھیں۔