بالائی سندھ ، بلوچستان، جنوبی پنجاب میں مزید بارشیں متوقع

Rain in Punjab

Rain in Punjab

پاکستان (جیوڈیسک) ملک کے مختلف حصوں میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، آج بھی بادل کھل کر برسیں گے۔ حیدر آباد میں کرنٹ لگنے سے پانچ افراد جاں بحق ہوگئے۔ شہر میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ محکمہ موسمیات نے بالائی سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں شدید بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔حیدرا باد میں شدید بارش سے لطیف آباد اور ٹنڈو یوسف کے علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔ سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی میں مشکلات کا سامنا رہا۔ کراچی میں ہونے والی تیز بارش کے بعد متعدد نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔

حیدرآباد شہر کئی گھنٹے سے بجلی سے محروم ہے۔ بجلی کی سپلائی معطل ہونے سے واسا کے پمپنگ اسٹیشنوں نے کام بند کرد یا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے رین ایمرجنسی یونٹس کو جنریٹر فراہم نہیں کئے ہیں جس سے نشیبی علاقوں سے پانی نہیں نکالا جا سکا ہے۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی بادل خوب جم کر برسے۔ راولپنڈی کے متعدد نشیبی علاقوں میں جمع ہونے والا پانی لوگوں کے لئے مشکلات بنا رہا۔ لاہور میں ہفتے کی صبح سے شروع ہونے والی بارش رات گئے تک جاری رہی۔

بہاولپوراور ملتان میں بھی بادل جم کر برسے۔ سب سے زیادہ بارش چھور میں 80 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ شور کوٹ 65، لاڑکانہ 57، مٹھی 53، ملتان 47 اور مالم جبہ میں 34 ملی میٹر بارش ہوئی۔ جبکہ سیدوشریف میں 28، پشاور میں 26، مری میں 25، پٹن اور گلگت میں 23، اسلام آباد لاہور اور ہنزہ میں 20، فیصل آباد، بونجی اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 16 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کیڈائریکٹرمحمدحنیف کہنا ہے کہ ہوا کا کم دبا پاکستان میں داخل ہونے کے بعد آج بالائی سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں شدید بارش کا امکان ہے۔ ڈیرہ غازی خان، ملتان، بہاولپور، بہاولنگر، صادق آباد، رحیم یار خان میں بھی موسلادھار بارش ہو گی۔ شدید بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔