کراچی : فائرنگ اور تشدد سے 6 افراد جاں بحق

Karachi firing

Karachi firing

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور تشدد سے 6 افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ لیاری گینگ وار کے اہم ملزم کو ماڑی پور پولیس کے حوالے کردیا گیا۔حیدری مارکیٹ کے قریب فائرنگ سے شفیق نامی شخص زخمی ہوا جو زخموں کی تاب نہ لاکر اسپتال میں دم توڑ گیا۔ رسالہ تھانے کی حدود میں فائرنگ سے 22 سالہ نوجوان نیاز جاں بحق ہوا۔ پرانا گولی مار لسبیلہ کے علاقے سے نوجوان کی لاش برآمد ہوئی جسکی شناخت سیرت علوی کے نام سے ہوئی۔

کریم آباد کے نزدیک موٹر سائیکل سواروں کی فایرنگ سے شریف نامی شخص ہلاک ہو گیا۔ قصبہ موڑ کے نزدیک بھی فائرنگ سے ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔ دو سری جانب قائد آباد پولیس نے4 ڈاکوں عامر، جہانزیب، نزاکت اور ندیم کو گرفتار کرنے کا دعوی کیا ہے۔

عزیز بھٹی کے نزدیک مبینہ مقابلے کے بعد نجی منی ایکسچینج کو لوٹنے کی کوشش کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ رینجرز کے ہاتھوں گرفتار ہونے والے لیاری گینگ وار کے اہم ملزم وسیم کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔