بجٹ تقریر کے دوران اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی

Budget Meeting

Budget Meeting

اسلام آباد : قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس شروع ہو گیا ہے۔ اجلاس کی صدارت اسپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کررہی ہیں۔ وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ بجٹ پیش کررہے ہیں۔ اس موقع پر اپوزیشن کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا۔قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں اپوزیشن جماعت مسلم لیگ ن نے شدید احتجاج اور ہنگامہ آرائی کی۔ جمعہ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے جونہی اپنی بجٹ تقریر کا آغاز کیا تو مسلم لیگ ن کے اراکین اپنی نشستوں سے اٹھ کر وزیراعظم اور وزیر خزانہ کی نشستوں کے سامنے کھڑے ہو گئے اور مسلسل نعرے بازی کرتے رہے اس دوران حکمران جماعت کے اراکین نے وزیراعظم اور وزیر خزانہ کے سامنے حفاظتی حصار بنا لیا اور مسلم لیگ ن کے اراکین کو پیچھے دھکیل دیا۔

اس دوران مسلم لیگ ن کے اراکین وزیر خزانہ اور وزیراعظم کے آگے کھڑے ہوئے اور انہوں نے حکومتی ارکان کو دھکیلنے کی کوشش بھی کی تاہم وفاقی وزرا قمر زمان کائرہ،اے رحمن ملک، خورشید شاہ اور دیگر نے اپنے ارکان کو جوابی نعرہ بازی اور اپوزیشن ارکان سے الجھنے سے روکے رکھا۔اس دوران مسلم لیگ ن کے اراکین کیپٹن ر صفدر، شکیل اعوان، رانا تنویر حسین، شاہد خاقان عباسی، رانا افضال حسین اور دیگر نے پیپلزپارٹی کے رکن جاوید اقبال وڑائچ کے ساتھ ہاتھا پائی کی۔ وفاقی وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ، ڈپٹی سپیکر فیصل کریم کنڈی، رانا فاروق سعید خان، وزیر داخلہ رحمن ملک، وزیر قانون فاروق ایچ نائیک، وزیر مذہبی امور خورشید شاہ اور دیگر نے حکومتی ارکان کو اپوزیشن ارکان کے ساتھ الجھنے سے روکا اور وہ جاوید اقبال وڑائچ کو صبر و تحمل کی تلقین کرتے ہوئے پیچھے لے گئے۔