بحران کے حل تک اپنی فوج مالی میں رکھیں گئے، نائجیرین صدر

Nigerian President

Nigerian President

جنیوا(جیوڈیسک) نائجیریا کے صدر نے ایک ترجمان کے ذریعے سے کہا کہ نائجیریا اس وقت تک مالی میں اپنی فوج رکھے گا ، جب تک بحران حل نہیں ہو جاتا اور ملک میں امن وامان قائم نہیں ہو جاتا۔

نائجیریا کے صدر گڈ لک جوناتھن کے ترجمان رائیوبن اباتی نے ایک ای میل کے ذریعے اے ایف پی کو بتایا کہ نائجیریا اس وقت تک مالی میں اپنی فوج رکھے گا جب تک اس کی ضرورت پڑے گی۔ نائجیریا نے مالی کے نصف سے زائد علاقے پر قابض اور شمالی شہروں میں اسلامی شریعہ نافذ کرنے والے اسلام پسندوں کیخلاف جنگ میں فرانس اور مالی کی افواج کی مدد کے لئے افریقی فورس میں حصہ لینے کے لئے ایک ہزار دو سو فوجی بھیجنے کا وعدہ کیا ہے۔

نائجیریا کے 80 فوجیوں پر مشتمل پہلا دستہ گزشتہ جمعرات کو مالی روانہ ہو چکا ہے۔ اباتی نے کہا کہ نائجیریا کے صدر جوناتھن نے اس امر کو یقینی بنانے کا زبردست عزم کر رکھا ہے کہ باغیوں کا ملک کے شمال سے صفایا کر دیا جائے اور یہ کہ بماکو میں صورتحال تیزی سے اور جلد معمول پر لائی جائے۔

اس کے علاوہ انہوں نے ملک میں پائیدار امن و استحکام کے مفاد میں جمہوریت اور معمول کے حالات کی مکمل بحالی میں سہولت کے لئے مالی کے ساتھ کام کرنے کا بھی عزم کر رکھا ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ نائجیریا کی فوج مالی میں ان تمام مقاصد کے حصول تک موجود رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ مالی پورے مغربی افریقی برصغیر میں امن واستحکام کے لئے دفاعی اہمیت کا حامل ملک ہے۔