براڈ زخمی، انگلینڈ واپس بلا لیا گیا

Stuart Broad

Stuart Broad

انگلینڈ : (جیو ڈیسک) انگلینڈ کے فاسٹ بالر سٹورٹ براڈ ٹانگ میں درد کے باعث سری لنکا کے خلاف دوسرا ٹیسٹ میچ نہیں کھیل پائیں گے۔ انگلینڈ اور ویلز کے کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ پچیس سالہ براڈ کو فوری انگلینڈ واپس بلایا جا رہا ہے۔ براڈ کا انگلینڈ میں علاج کرایا جائے گا۔

انگلینڈ کے کرکٹ بورڈ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ براڈ کی جگہ کسی اور کھلاڑی کو سری لنکا نہیں بھیجا جائے گا۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ براڈ کی خالی جگہ پر ٹم بریسنن اور سٹیون فن کے مابین مقابلہ ہو گا۔ یا پھر دونوں ہی دوسرے ٹیسٹ کے لیے سلیکٹ کر لیے جائیں گے۔ براڈ کو ٹانگ کی تکلیف پہلے ٹیسٹ میچ میں شروع ہوئی تھی۔ اور اس ٹیسٹ میں وہ تکلیف میں نظر آ رہے تھے۔

پہلے ٹیسٹ میں براڈ نے دو وکٹیں حاصل کی تھیں۔ انہوں نے دونوں اننگز میں دلشان کو آؤٹ کیا تھا۔ انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے بیان میں کہا ہے کہ براڈ کے ٹیسٹ ہونے کے بعد اس بات کا فیصلہ کیا جاسکے گا کہ وہ کھیلنے کے لیے فٹ ہیں بشمول انڈین پریمیئر لیگ۔
براڈ نے انڈین پریمیئر لیگ کی ٹیم کنگز الیون پنجاب کے ساتھ تین سال کا معاہدہ کیا ہوا ہے۔ وہ پچھلے سال بھی کمر میں تکلیف کے باعث نہیں کھیل پائے تھے۔