برما حکومت مسلمانوں کی نسل کشی کیخلاف کارروائی کرے: لارڈ نذیر

Lord Nazir

Lord Nazir

برطانیہ(جیوڈیسک)برطانوی دار الامرا کے پاکستانی نژاد رکن لارڈ نذیر نے برما میں مسلمانوں کی نسل کشی کے واقعات پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت برما سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔برطانیہ میں برما کے سفیر کے نام خط میں لارڈ نذیر نے کہا کہ برما میں مسلم نسل کشی کے حالیہ واقعات سے دنیا بھر کے مسلمانوں کو شدید صدمہ ہوا ۔ روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام کی خبریں اور تصاویر سامنے آنے کے بعد بہت سے مسلم ملکوں میں مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔

انسانی حقوق کے مختلف گروپ بھی روہنگیا مسلمانوں کے تحفظ اور ان کے قتل عام کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کررہے ہیں۔ لارڈ نذیر نے خط میں لکھا کہ بدھ مذہب کے پیرو کاروں نے مذہبی منافرت کی بنا پر رواں سال سیکڑوں مسلمانوں کو بے دردی سے ذبح کردیا جبکہ ہزراروں زخمی ہوگئے۔

تشدد کی اس لہر کے باعث لاکھوں مسلمانوں کو اپنے گھر بار چھوڑنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ ظلم کا بازار گرم کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ لارڈ نذیر نے کہا کہ انہیں بتایا جائے کہ حکومت برما نے مسلم کش فسادات کو روکنے کے لیے کیا اقدامات کیے؟ قتل عام کے ان واقعات کی کیا تحقیقات ہوئی اور مسلمانوں کے خون کی ہولی کھیلنے والے کتنے افراد کو گرفتار کیا گیا۔