بلدیاتی آرڈیننس کی حمایت میں عوامی رابطہ مہم کا فیصلہ

Qaim Ali shah

Qaim Ali shah

سندھ (جیوڈیسک) پیپلزپارٹی سندھ کی پارلیمانی پارٹی نے نئے بلدیاتی آرڈیننس کی مکمل حمایت اوراس کے بھرپور دفاع کا اعلان کیا ہے ، وزیراعلی سندھ کہتے ہیں بلدیاتی آرڈیننس کو بلاجواز ایشو بنایا جارہا ہے ، اتحادی اس کا مطالعہ کریں۔ پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس وزیراعلی ہاؤس میں ہوا، جس میں سندھ پیپلزلوکل گورنمنٹ آرڈیننس 2012 کے اجرا کے بعد صوبے کی سیاسی صورتحال اور اتحادی جماعتوں سے تعلقات اور رابطوں کے حوالے سے غور کیا گیا ۔ اجلاس میں نئے بلدیاتی نظام کے خلاف ہونے والے پروپیگنڈہ سے متعلق حکمت عملی وضع کی گئی ، اور آرڈیننس سے متعلق عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کی ہدایت کی گئی ۔

وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ نئے بلدیاتی آرڈیننس کو بلاجواز اشو بنایا جا رہا ہے، آرڈیننس کا بغور مطالعہ کیا جائے اس کے بعد جو بھی تحفظات ہونگے انہیں دور کیا جائے گا اور جلد ہی یہ آرڈیننس سندھ اسمبلی سے بل کی شکل میں منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔

اجلاس میں ایک قرارداد کے ذریعے سندھ پیپلز لوکل گورنمینٹ آرڈیننس 2012کی مکمل حمایت کی گئی اور اس آرڈیننس کو سندھ کے عوام کے مفاد میں ایک اہم قدم قرار دیا گیا اور کہا گیا کہ نئے بلدیاتی قانون کے تحت نچلی سطح پر عوام کے مسائل فوری طور پر حل ہو سکیں گے ۔صوبائی وزیراطلاعات شرجیل میمن کے مطابق تمام ارکان نے بلدیاتی آرڈیننس کی حمایت کی اور بلدیاتی آرڈیننس کے بھرپور دفاع کا اعلان کیا۔