بلوچستان میں گورنر راج کے نفاذ کا نوٹیفکیشن طلب

Iftikhar Muhammad Chaudhry

Iftikhar Muhammad Chaudhry

اسلام آباد(جیوڈیسک)سپریم کورٹ نے بلوچستان میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کا نوٹی فکیشن طلب کرلیا۔ چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے کہا ہے کہ لوگوں کے دلوں کی آواز سنیں ، لوگ اب آرمی کو بلانے کی بات کر رہے ہیں۔

چیف جسٹس افتخارمحمد چودھری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے بلوچستان بدامنی کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے بلوچستان میں ایمرجنسی اورگورنر راج کے نفاذ کا نوٹی فکیشن طلب کرلیا۔

ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان امان اللہ کنرانی نے عدالت کوبتایا کہ مجھے ابھی گورنر راج کے نفاذ کا نوٹیفکیشن نہیں ملا، چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ہم پہلے دن سے بلوچستان میں بنیادی حقوق کی بات کر رہے ہیں لیکن کسی کے جان و مال کو تحفظ نہیں۔ قانون نافذ کرنے والے ایک دوسرے پرذمہ داری ڈال رہے ہیں لیکن حالات جوں کے توں ہیں۔

بلوچستان حکومت کے وکیل شاہد احمد ٹریفک بند ہونے باعث پیش نہ ہو سکے۔ سپریم کورٹ نے بلوچستان میں امن و امان کے لیے صدر کی طرف سے کیے گئے اقدامات کی رپورٹ سپریم کورٹ نے طلب کرتے ہوئے سماعت 29 جنوری تک ملتوی کر دی۔