بنگلہ دیش کو اننگزسے شکست کاخطرہ: 325رنزدرکار، چھ وکٹیں باقی

pakistan

pakistan

چٹاکانگ ٹیسٹ میں پاکستانی بلے بازوں کے بعد بالرزکی بھی شاندار کارکردگی کے باعث بنگلہ دیش کے سر پر اننگز سے شکست کے بادل منڈلانے لگے۔ تیسرے دن کے اختتام تک بنگلہ دیش نے دوسری اننگز میں چاروکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنا لیے ہیں جبکہ اسے پاکستان کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کے لئے ابھی بھی 325 رنز درکار ہیں۔
تیسرے روز پاکستان نے اپنی نامکمل اننگز 415 رنز چار وکٹ پر شروع کی تو یونس خان خان 96 اور اسد شفیق 40 رنز پر ناوٹ آوٹ تھے۔ دن کے آغاز سے ہی دونوں پاکستانی بلے بازبنگالی بالرز پر چھائے رہے اور پانچویں وکٹ کی شراکت میں 259 رنز جوڑے۔ اسد شفیق نے شاندار سنچری مکمل کی اور ایک سو چار رنز بنا کر570رنز کے مجموعی اسکور پر آوٹ ہوئے۔
یونس خان نے ایک جانب تو اپنے ٹیسٹ کیرئیر کے چھ ہزار رنز مکمل کیے وہیں ڈبل سنچری بھی داغ دی اور ناٹ آوٹ رہے۔ عدنان اکمل چھ رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ تھے کہ کپتان مصباح الحق نے 594 رنز پر اننگز ڈکلیئر کر دی۔اس سے قبل پاکستانی اننگز میں اوپنر محمد حفیظ نے 143 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔ اس کے علاوہ توفیق عمر 61،اظہر علی 26 اور مصباح الحق 20 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ بنگلہ دیش کی طرف سے الیاس سنی نے تین جبکہ محمد اللہ اور سعادت حسین نے ایک ، ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔
بنگلہ دیش نے 459 کے خسارے سے دوسری اننگز شروع کی تو اسی کے مجموعی اسکور پر اس کی چار وکٹیں گر چکی تھیں تاہم اس کے بعد اوپنر ناظم الدین کے ساتھ شکیب الحسن وکٹ پر پاکستانی بالرز کے سامنے سینہ تان کر کھڑے ہو گئے اور دن کے اختتام تک مجموعی اسکور کو 134 تک پہنچا دیا ۔ ناظم الدین اور شکیب الحسن ، 41 ، 41 رنز پر ناٹ آوٹ ہیں ۔ پاکستان کی طرف سے اعزاز چیمہ ، محمد حفیظ ، سعید اجمل اور عبدالرحمان نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کر رکھی ہے ۔