بھارتی طیارے کی نوابشاہ ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ

Air India

Air India

نوابشاہ : (جیو ڈیسک) ایئر انڈیا کے طیارے نے فنی خرابی کے باعث نوابشاہ ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی ہے۔ بھارت سے ٹیکنیشن کی آمد میں تاخیر کی وجہ سے پرواز کی واپسی میں تاخیر ہو رہی ہے۔ ایئر انڈیا کا طیارہ ابوظہبی سے دہلی کیلئے روانہ ہوا۔ طیارے میں ایک سو تیس مسافر موجود تھے۔

بھارتی حکام کے مطابق پاکستان کی فضائی حدود میں پائلٹ نے اطلاع دی کہ طیارے میں فنی خرابی پیدا ہوگئی ہے اور ہائیڈرولک سسٹم فیل ہوگئے ہیں۔ ترجمان سول ایوی ایشن پرویز جارج کے مطابق پائلٹ نے لینڈنگ کی اجازت مانگی اور اسے نوابشاہ ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی اجازت مل گئی۔ جہاں صبح سویرے طیارے نے ہنگامی لینڈنگ کی۔ تمام مسافر محفوظ رہے۔

طیارے میں فنی خرابی دور کرنے کیلئے عملہ نئی دہلی سے بھیجا گیا۔ جس کی آمد میں تاخیر کی وجہ سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا رہا۔ نوابشاہ ایئرپورٹ کی انتظامیہ نے مسافروں کو ہوٹل منتقل کرنے کی پیشکش کی جو مسترد کردی گئی۔ جس کے بعد مسافروں کو طیارے میں ہی ناشتہ فراہم کیا گیا۔ نوابشاہ ائیرپورٹ کے اطراف رینجز کی نفری تعینات کردی گئی ہے۔