بھارت امریکا سے 15 چینوک اور 22 اپاچی ہیلی کاپٹر حاصل کرے گا

America Helicopters

America Helicopters

بھارت (جیوڈیسک) کراچی محمد رفیق مانگٹ بھارت جنگی سازوسامان کی خریداری میں بدمست ہاتھی بن چکا ہے۔ امریکا سے 2.4ارب ڈالر کے15چینوک اور 22اپاچی ہیلی کاپٹر خریدنے جا رہا ہے۔ پاکستان اور چین کی بہترین فوجی صلاحیتوں کے سامنے بھارتی بے بسی کا عالم یہ ہے کہ وہ اپنے بوسیدہ روسی ساختہ دفاعی سازوسامان سے جان چھڑا رہا ہے۔ آئندہ مالی سال میں 13فیصد اضافے کے ساتھ بھارت اپنا دفاعی بجٹ36ارب ڈالر تک کر رہا ہے۔امریکی اخباروال اسٹریٹ جرنل کے مطابق بھارت امریکی کمپنی بوئنگ سے جنگی ہیلی کاپٹر اور دیگر سازوسامان کا 2.4 ارب ڈالر کا معاہدہ کر رہا ہے اس معاہدے میں چینوک اور اپاچی ہیلی کاپٹر شامل ہیں۔

حکام ان پر جلد کمرشل مذاکرات شروع کرنے جا رہے ہیں۔ حکام کے مطابق بھارت امریکا سے چنوکCH-47F اور اپاچیAH-64D Block III ہیلی کاپٹر خریدے گا۔بھارت نے روسی ساختہ مل ماسکو ہیلی کاپٹر پلانٹس Mi-26 کی جگہ ٹوئن رٹور چینوک اور روسی ساختہMi-28کی جگہ اپاچی منتخب کیے ہیں۔چینوک کا معاہدہ ایک ارب ڈالر جب کہ اپاچی 1.4ارب ڈالر میں طے ہونے کا امکا ن ہے۔ بھارت کئی دہائیوں سے روسی ساختہ ہیلی کاپٹرو ں پر انحصار کرتے ہوئے آرہا ہے اور اس وقت بھی بھارت ایم آئی26ہیلی کاپٹر استعمال کر رہا ہے۔

بھارتی فضائیہ کے مطابق موجودہ اور مستقبل کے منظر نامے کو مدنظر رکھ کر فیصلے کیے جا رہے ہیں۔ آئندہ تین سے چھ ماہ تک بوئنگ سے تجارتی بنیادوں پر مذاکرات ہوں گے۔نئی دہلی میں روسی سفارت خانے کے حکام نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ بھارتی حکومت نے چینوک اور اپاچی ہیلی کاپٹر وں کو منتخب کیا ہے۔تاہم روس نے بھارت سیچینوک خریدنے کے فیصلے پر نظر ثانی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ایم آئی 26 بھارتی فضائیہ کے لئے موزوں ہے۔لیکن روسی سفارت خانے کو بھارتی وزارت دفاع سے کوئی جواب نہیں دیا گیا۔اخبار کے مطابق امریکا نے حالیہ سالوں میں فوجی ساز و سامان کی بھارت کو فروخت میں اضافہ کردیا ہے۔ پاکستان اور چین کی ملٹری صلاحیتوں میں اضافے کو دیکھ کر بھارت بوسیدہ روسی ساختہ سازوسامان کو تبدیل کرنا چاہتا ہے۔

گزشتہ سالوں میں بھارت نے بوئنگ سے سی 17گلوب ماسٹر ایئر لفٹر،اورسمندر میں طویل فاصلے تک مار کرنے والے پی81 اور آبدوز شکن طیارے حاصل کرنے کے معاہدے کیے ہیں۔بھارت نے ایک اور امریکی کمپنی سے سپر ہرکولیسC-130Jملٹری ٹرانسپورٹ طیارے بھی خریدنے کا معاہدہ کیا ہے۔

بھارت مارچ2013میں گزشتہ سال سے13فی صد زیادہ دفاعی بجٹ پر خرچ کرے گا جو کہ مجموعی دفاعی بجٹ 36ارب ڈالر(1.93ٹریلین بھارتی روپے) ہوگا جس میں سے795.79 ارب روپے ہتھیاروں کی خریداری پر خرچ کرے گا۔ بھارتی فضائیہ کے ڈپٹی چیف کا کہنا ہے کہ آئندہ دو دہائیوں میں37ارب ڈالر کا سازوسامان خریدا جائے گا جس میں سے چار ارب ڈالر کے معاہدے طے پا چکے ہیں۔