بیگم نصرت بھٹو چل بسیں، پیر کو عام تعطیل

Nusrat bhutto

Nusrat bhutto

اناللہ وانا الہ راجعون،  سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی اہلیہ بیگم نصرت بھٹو دبئی میں طویل علالت کے بعد انتقال کر گئیں۔ حکومت نے دس روزہ سوگ اور پیر کو قومی تعطیل کا اعلان کر دیا۔
بیگم نصرت گذشتہ کئی سال سے شدید علالت کے باعث دبئی میں زیر علاج تھیں، بیگم نصرت بھٹو کے انتقال کی خبر سنتے ہی پیپلز پارٹی کے کارکنوں میں صف ماتم بچھ گئی،صدر آصف علی زرداری اردن کا دورہ مختصر کر کے دبئی پہنچ گئے، وہ میت کے ہمراہ پاکستان پہنچیں گے۔ ایوان صدر کے ترجمان کے مطابق بلاول،آصفہ ، بختاور لندن سے دبئی پہنچ رہے ہیں۔ بیگم نصرت بھٹو کی تدفین آبائی قبرستان گڑھی خدا بخش میں ہی ہوگی، ترجمان کے مطابق گڑھی خدا بخش میں بیگم نصرت بھٹو کی تدفین کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
پیپلز پارٹی شہید بھٹو کی چیئرپرسن غنوی بھٹو، صاحبزادی فاطمہ بھٹو آج رات لاڑکانہ پہنچیں گی۔ میر مرتضی بھٹو کے صاحبزادے ذوالفقار جونیئر پیر کو لندن سے کراچی پہنچیں گے۔ وفاقی حکومت نے بیگم نصرت بھٹو کے انتقال پر دس روزہ سوگ کا اعلان کر دیا۔ وزیر اعظم نے پیر کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ تمام سرکاری دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
پیپلزپارٹی نے تمام سرگرمیاں معطل کرتے ہوئے چالیس دن تک سوگ کا اعلان کیا ہے۔ پیپلزیوتھ کی چھبیس اکتوبر کو کراچی میں ہونیوالی دفاعی جمہوریت ریلی منسوخ کردی گئی۔ پی آئی کے ترجمان کے مطابق قومی ایئرلائن پیر کو لاہور کراچی ، اسلام اور سکھر سے لاڑکانہ کیلئے خصوصی پروازیں چلائے گی۔ آزادکشمیر میں یوم تاسیس سمیت تمام سرکاری تقریبات منسوخ کر دی گئیں۔ اور آزاد جموں و کشمیر میں دس روز سوگ کااعلان کر دیا گیا۔