تحریک انصاف کا سونامی یورپ میں

fozia kasuri pti

fozia kasuri pti

پیرس :  (عاصم ایاز)پاکستان کے چونسٹھ سالہ فرسودہ نظام کو تبدیل کرنے کا نعرہ لئے عمران خان نامی سمندر میں ، سونامی ، کا طوفان معرض وجود میں آیا سمندر کے پانی میں کمی کو پورا کرنے کے لئے عوام کی تعداد کے قطرے آہستہ آہستہ ملتے گئے اور عمران خان نامی سمندر عوامی لہروں میں تبدیل ہو گیا اور پھر یہ بپھری ہوئی لہریں پاکستان کے شہروں سے ، فالتو گند ، کو صاف کرتی گئیں جس جگہ سے سونامی کی لہریں گند صاف کرتیں وہاں نئی امنگوں اور بہتر مستقبل کے تازہ جھونکوں سے مزین سہولتوں پر مبنی فصلیں اگاتیں ،دنیا میں جہاں بھی سونامی آیا وہ وہاں نقصان کے سوا کچھ نہ کر سکا لیکن یہاں معاملہ ہی الٹ ہے عمران خان کے سمندر سے اٹھنے والا سونامی اس سونامی کو نگل رہا ہے جو نقصان دیتا ہے اور ساتھ ساتھ عمران خان والا سونامی اپنی لہروں سے غریبوں کا خون نچوڑ کر بنائے گئے سرمایہ داروں کے لبادوں کو بھی تار تار کرتا جارہا ہے۔

 

لہروں سے سے ایک ہی شور اٹھ رہا ہے کہ غریب کا حق اسے دو ،سرمایہ دارو دوسرے ممالک میں رکھی ہوئی اپنی دولت واپس لاو ،پاکستان کو ٹیکس دو ،غریب کا خون نچوڑنا چھوڑو ،تعلیم عام کرو ، عدالتوں میں ایماندار منصف بٹھاو تاکہ غریب کو انصاف مل سکے ،لہروں کا یہ شور حکمرانوں کے ایوانوں میں قیامت برپا کرنے کے لئے اسلام آباد کے ساتھ ساتھ پاکستان کے تمام شہروں کی طرف رواں دواں ہے ،تحریک انصاف کا سونامی پاکستان کا گند صاف کرتا ہوا دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کی طاقت اپنے ساتھ ملانے کے لئے گذشتہ دنوں یورپ کے دورہ پر تھا ،یورپ کے ممالک فرانس اور بیلجیم ، میں تحریک انصاف شعبہ خواتین کی صدر محترمہ فوزیہ قصوری اپنے الفاظ اور تقریر کی طاقت والی لہروں سے لیس ہو کر پہنچیں تھیں انہوں نے تحریک انصاف اور عمران خان کا پیغام سہانے خوابوں کی طرح یورپ میں مقیم پاکستانیوں کی آنکھوں میں سجانا تھا فوزیہ قصوری نے نوجوان خواتین و حضرات کو کہا کہ وہ اپنے اندر بزرگوں سے زیادہ طاقت رکھتے ہیں اور اس وقت عمران کے سونامی کو ان کی اسی طاقت کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ ہمارا یہ ہرگز مقصد نہیں کہ بزرگ ہماری ضرورت نہیں ہیں ایسا بالکل نہیں ہے بلکہ بزرگوں کا سایہ اور ان کی دعاوں سے ہی آج سونامی کی لہروں میں ملک بچانے اور فرسودہ نظام کو تبدیل کرنے کی تڑپ پیدا ہوئی ہے۔

 

فوزیہ قصوری یورپ کے دورہ پر آئیں تو سب سے پہلے وہ سردیوں کی ایک ٹھنڈی رات کو پیرس کے خوبصورت ایئر پورٹ پر اتریں برف باری کی وجہ سے پیدا ہونے والے ،ہوا ،کے ٹھنڈے تھپیڑے جان لیوا تھے لیکن عمران خان کے سپاہیوں نے پاکستان بچانے کے نعروں والی زرہ بکتر اپنے جسموں اور روح پر زیب تن کی ہوئی تھی جس سے سردی ان پر اثر اندازنہ ہو سکی ،فوزیہ قصوری کو دیکھتے ہی پیرس ایئر پورٹ کی فضا نعرہ تکبیر سے گونج اٹھی تحریک انصاف فرانس کے ممبران عہدیداران اپنے قائد عمران کان کا پیغام لانے والی ہستی کا استقبال کرنے کوبیتاب تھے فوزیہ قصوری کا استقبال انتہائی شاندار طریقہ سے کیا گیا تحریک انصاف فرانس کے سر پرست اعلی چوہدری طاہر اقبال ، چیئر مین رابطہ کمیٹی منور اقبال جٹ ،صدر عمر رحمان ، جنرل سیکرٹری عمران رانا سیکرٹری انفارمیشن یاسر قدیر ،تحریک انصاف یوتھ ونگ فرانس کے صدر چوہدری سہیل بھدر کے ساتھ ساتھ دوسرے بہت سے تحریکی ساتھی ایئر پورٹ پر پہنچے تھے ،پرتپاک اور والہانہ انداز میں سارا قافلہ پیرس سٹی کی روانہ ہو ا۔

 

تحریک انصاف فرانس نے سب سے پہلے جلسہ عام کا اہتمام کیا جلسہ گا ہ کو تحریک انصاف کے جھنڈوں ،خوبصورت جھنڈیوں اور غباروں سے سجایا گیا تھا ،خوش آمدید،جی آیاں نوں ، اور ویلکم جیسے سلوگن دیواروں پر نمایاں طور پر لکھے گئے تھے ،سب سے بڑھ کر جلسہ گاہ میں موجود تمام شرکا اپنے چہروں پر خوشیاں بکھیرے آنے والے مہمان کو خوش آمدید کہنے کے لئے اکٹھے ہوئے تھے ، ترانوں کی گونج جلسہ گاہ میں سنائی دی اور مہمان خصوصی محترمہ فوزیہ قصوری جلسہ گاہ میں داخل ہوئیں تمام شرکا نے احترام میں کھڑے ہو کر اور تالیاں بجا کر مہمان خصوصی کو خوش آمدیدکہا مرد حضرات کے ساتھ ساتھ فرانس کی تاریخ میں پہلی بار ہوا تھا کہ خواتین کی اتنی کثیر تعداد نے کسی سیاسی جلسہ میں شرکت کی ہو نوجوانوں اور خواتین کااتنی بڑی تعداد میں عمران خان کاپیغام لانے والی محترمہ فوزیہ قصوری کا استقبال کرنا اس بات کی نشاندہی تھی کہ عوام اب اپنے پیارے ملک میں فرسودہ سسٹم کی تبدیلی چاہتے ہیں۔

 

چوہدری طاہر اقبال ، عمر رحمان ، چوہدری منور اقبال جٹ ،عمران رانا ،یاسرقدیر ، سہیل بھدر ،ناصرہ فاروقی ، راجہ عجب ،اور دوسرے بہت سے معزز عہدیداران نے اپنی اپنی تقریروں سے فوزیہ قصوری کو یقین دہانی کروائی کہ ہم عمران خان کے سپاہی ہیں اور جہاں بھی ہیں جس ملک میں مقیم ہیں ہماری جڑیں پاکستان میں ہیں اور ہم عمران خان کے ساتھ مل کر پاکستان کی جڑیں کھوکھلی کرنے والے دشمنوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ضرور بنیں گے، فرانس کے اس جلسہ میں ہال شرکا سے بھرا ہوا تھا ،تل دھرنے کی جگہ میسر نہ تھی لوگ تحریک انصاف فرانس کے عہدیداران کو اتنا کامیاب جلسہ کرنے اور عمران خان کے ساتھی ہونے کا ثبوت دینے کے لئے منتظمین کو شاباش دے رہے تھے ،تحریک انصاف فرانس نے سیاسی جلسوں کی نئی تاریخ رقم کر دی تھی فرانس میں تقریبا تمام سیاسی جماعتیں جلسہ کروا چکی ہیں مگر تحریک انصاف کے جلسہ میں شرکا کی کثیر تعداد اور وہ بھی خواتین و حضرات پر مبنی نے سابقہ تمام ریکارڈ توڑ دیئے تھے ، کسی طرح بھی کہنا غلط نہ ہو گا کہ پیرس کے جلسہ کی کامیابی جہاں شرکا کی مرہون تھی وہاں منتظمین بھی اس کریڈٹ کے حق دار تھے جنہوں نے اہتمام اور انتظام کی حد کر دی تھی ،اس کامیاب جلسہ کے بعد محترمہ فوزیہ قصوری بیلجیم میں تحریک انصاف کے صدر شیخ ماجد کی دعوت پر برسلز روانہ ہو گئیں جاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف فرانس کے عہدیدار بھی ان کے ساتھ چلیں تاکہ عمران خان کا پیغام مل جل کر عوام تک پہنچایا جائے قافلہ تیار ہوا ،تحریک انصاف فرانس کے سرپرست اعلی چوہدری طاہر اقبال ، عمر رحمان ، عمران رانا ، چوہدری منور اقبال جٹ ، سہیل بھدر ، میڈیا سے جنگ کے رضا چوہدری ، پاک نیوز کی طرف سے راقم ، اور دوسرے ممبران قافلہ میں شامل ہوئے۔

 

قافلہ کاروں کے جلوس میں پیرس سے دو گھنٹے کی مسافت پر برسلز جا پہنچا وہاں بھی تحریک انصاف بیلجیم نے ایک جلسہ کا اہتمام کیا ہوا تھا جس میں خواتین و حضرات کی تعداد قابل دید تھی برسلز میں بھی نوجوان لڑکے اور لڑکیاں تحریک انصاف ملک بچائے گی کے نعرے لگاتے نظر آئے نوجوان نسل کا اس طرح دلچسپی سے کسی سیاسی جماعت کا ساتھ دینا عندیہ تھا کہ اب بہت جلد پاکستان کی بھاگ دوڑ نوجوان نسل کے ہاتھ میں ہوگی ،نسل در نسل بننے والے حکمران اب چھٹی کریں گے ،ملک میں دولت کی ریل پیل ہوگی ، پاکستانی سبز پاسپورٹ کی دنیا بھر میں عزت ہو گی ،فرسودہ نظام کا طلسم توڑ دیا جائے گا ،یہ امیدیں نوجوان نسلوں کے لئے ہیں اور ان کی کامیابی بھی نوجوان نسل پر منحصر ہے ،شیخ ماجد نے تحریک انصاف فرانس کے تمام دوستوں کا شکریہ ادا کیا کہ وہ برسلز تشریف لائے اور تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کا پیغام محترمہ فوزیہ قصوری کی زبانی عوام تک پہنچانے میں ہماری مدد کی ،شیخ ماجد نے تمام شرکا کا بھی شکریہ ادا کیا ،شرکا نے یقین دلایا کہ وہ سب تحریک انصاف کا حصہ ہیں جو نہیں ہیں وہ بھی آج سے حصہ بنیں گے ،محترمہ فوزیہ قصوری نے برسلز کی پاکستانی فیمیلیز کا بتایا کہ پاکستان میں اب تبدیلی ضرور آئے گی اور اس تبدیلی میں دیار غیر میں بسنے والے پاکستانیوں کا بہت بڑا ساتھ اور تعاون ہو گا۔

 

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاک نیوز نے تحریک انصاف کے فرانس اور بیلجیم والے جلسہ میں منتظمین کے کندھے سے کندھا ملا کر ان کا ساتھ دیا تاکہ پاکستان کی تبدیلی میں پاک نیوز کا حصہ بھی شامل ہو جائے ،اب پاکستانی عوام کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کو چاہیئے کہ وہ پاکستان کے سسٹم کی تبدیلی میں اپنا حصہ ڈالیں ،پاکستان میں فرسودہ نطام کے خاتمے کا نعرہ تحریک انصاف نے لگایا ہے جو آج سے پہلے نہیں لگایا گیا تھا ،اس نعرہ کی بازگشت جب حکمرانی ایوانوں میں سنائی دی تو حکمران جو آپس میں بٹے ہوئے تھے اس سونامی کو روکنے کے لئے سر جوڑ کر بیٹھ گئے اور فیصلہ کیا کہ عمران خان کے سونامی سے بچنے کے لئے ہم ایک ہو جائیں ورنہ وہ سونامی ہمیں بہا لے جائے گا ،اس کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں بھی ایک ہو جائیں لیکن وہ تحریک انصاف کے پلیٹ فارم سے عوامی سونامی کو کبھی نہیں روک سکیں گی -اب ان فرسودہ حکمرانوں کا بھی یوم حساب نزدیک ہے ان حکمرانوں کا جنہوں نے پاکستان کے فرسودہ نظام کی پرستش کی تھی اور کر تے جا رہے ہیں ،تحریک انصاف کے چیئر مین نے کہا کہ ہم پاکستان کو بھیک جیسی لعنت سے چھٹکارا دلائیں گے ملک کا کھویا ہوا وقار بحال کریں گے ملک سے دہشت گردی اور مہنگائی کا خاتمہ کریں گے یہ باتیں عام نہیں ہیں بلکہ یہ وقت اور پاکستانی عوام کی اہم ضرورت کی باتیں ہیں۔