تحریک انصاف کا مارچ وزیر ستان روانہ، درجنوں غیر ملکی بھی شریک

March of PTI

March of PTI

اسلام آباد(جوڈیسک)عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کا امن مارچ اسلام آباد سے جنوبی وزیرستان کیلئے روانہ ہوگیا۔ امن مارچ میں پارٹی کی مرکزی قیادت سمیت عالمی تنظیموں کے 50 اور 300 سے زائد میڈیا کے نمائندے شریک ہیں۔

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی قیادت میں امن مارچ اسلام آباد سے جنوبی وزیرستان کے لیے روانہ ہوگیا ہے۔ امن مارچ موٹروے کے راستے بلکسر، تلہ گنگ، ریکی سے ہوتا ہوا دن ساڑھے بجے تک میانوالی پہنچے گا۔میانوالی میں استقبالیہ کے بعد امن مارچ کندیاں اور بہارپور سے ہوتا ہوا سہ پہر تین بجے ڈیرہ اسماعیل خان پہنچے گا۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں ڈرون متاثرین اور ان کے خاندان کے افراد کو عالمی تنظمیوں اور میڈیا سے ملوایا جائیگا۔ رات ڈیرہ اسماعیل خان میں قیام کے بعد امن مارچ صبح نو بجے جنوبی وزیرستان کیلئے روانہ ہوگا۔

مارچ کیلئے ٹانک، جنڈولہ کے راستوں کا انتخاب کیا گیا ہے۔ جنوبی وزیرستان کے علاقے کوٹ کئی میں کل گیارہ بجے جلسہ عام منعقد کیا جائیگا۔ امن مارچ میں شاہ محمود قریشی، جاوید ہاشمی، اعظم سواتی، خورشید قصوری اورترجمان پی ٹی آئی شفقت محمود سمیت تحریک انصاف کے مرکزی قائدین بھی شریک ہیں۔