تمام مسالک کے علما دہشت گردوں کے خلاف متحد ہیں ، علامہ ناظر عباس

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک)کراچی شیعہ علما کونسل کی جانب سے ایم اے جناح روڈ نمائش چورنگی پر15 گھنٹے سے دھرنا جاری ہے، اسی دوران نمائش چورنگی کے قریب فائرنگ کی آواز سے شرکا میں بھگدڑ مچی تاہم دھرنا جاری ہے شیعہ علما کونسل کے مرکزی رہنما علامہ ناظر عباس کا کہنا ہے کہ تمام مسالک کے علما دہشت گردوں کے خلاف اورمتحد ہیں۔

لیکن گزشتہ دو سال سے کراچی میں دہشت گردی عروج پرہے اور بے گناہ لوگو ں کا قتل عام کیا جا رہا ہے۔سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل کیا جاتا تو شہر میں امن قائم ہوجاتا۔ان کاکہناہے کہ قیام امن کیلیے فوج کراچی میں بلا تفریق آپریشن کرے اور شہر کو اسلحہ سے پاک کیا جائے۔

علامہ ناظرعباس نے مزید کہا کہ وزیر اعلی یا گورنرسندھ سے مذکرات نہیں کریں گے۔ وفاقی نمائندے سے ہی بات کی جائے گی اور مطالبات پورے ہونے تک دھرنا جاری رکھا جائے گا۔ دھرنے کے شرکا میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔