توہین عدالت کیس: وزیراعظم کی آج پیشی، سیکورٹی سخت

Supreme court

Supreme court

سپریم کورٹ آج توہین عدالت کیس کی سماعت کررہا ہے جس میں وزیرا عظم یوسف رضا گیلانی پیش ہوں گے۔ سات رکنی بنچ جسٹس ناصر الملک کی سر براہی میں توہین عدالت کیس کی سماعت کر رہا ہے۔ اس موقع پر سیکورٹی کے سخت اقدامات کئے گئے ہیں ۔ اسلام آباد میں تیز بارش بھی ہوئی۔ عدالت کی کارروائی صبح ساڑھے نو بجے شروع ہوگی۔ وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی توہین عدالت کیس میں دوسری مرتبہ سپریم کورٹ میں پیش ہو رہے ہیں ، آج ان پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔

وزیراعظم کی گاڑی کو عدالتی احاطے میں لانے کی خصوصی اجازت دی گئی ہے۔ وزیر اعظم کے آج سپریم کورٹ میں پیشی کے موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ مقدمہ کی سماعت کے دوران شہر بھر میں ہائی الرٹ رہے گا۔ شاہراہ دستور، ملحقہ علاقوں اور مارگلہ کی پہاڑیوں پر بھی پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔شاہراہ دستور اور ریڈ زون کے تمام علاقوں میں کلوز سرکٹ کیمرے نصب ہیں جن کے ذریعے صورتحال کو مانیٹر کیا جا رہا ہے۔

وزیر اعظم کی سپریم کورٹ میں آمد اور روانگی تک ہیلی کاپٹر ز علاقے کی مسلسل فضائی نگرانی کرتے رہیں گے۔ جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں قائم سات رکنی بنچ میں وزیر اعظم کی جانب سے بیرسٹر اعتزاز احسن وکالت کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

اعلی حکومتی عہدیداروں کی ایک بڑی تعداد بھی سپریم کورٹ میں موجود ہے جن میں وفاقی وزیر قانون مولابخش چانڈیو بھی شامل ہیں۔