تھانہ کنجاہ کے نواحی موضع گورایہ میں گزشتہ چھ ماہ سے جاری قتل وغارت گری ختم

گجرات: ضلع گجرات میں ویر مکائو مہم کے سلسلہ میں ڈی پی او گجرات رانا شاہد پرویز اور ایس ایچ او تھانہ کنجاہ چوہدری ریاض فاروق کی سرپرستی میں تھانہ کنجاہ کے نواحی موضع گورایہ میں گزشتہ چھ ماہ سے جاری قتل و غارت گری اور مقدمات مابین فریقین محمد صفدر گورایہ اور چوہدری الیاس گورایہ گروپس کی کشیدگی ختم ہو گئی ، چوہدری الیاس گورایہ گروپ اور چوہدری صفدر گورایہ کی باہمی چپقلش کے نتیجہ میں ایک نوجوان قتل اور متعدد افراد زخمی ہو گئے تھے اور ہر دو فریقین پر قتل اغواء ، ارادہ قتل سمیت متعدد مقدمات درج تھے ، جس سے علاقہ بھر میں امن و امان کی صورتحال انتہائی مخدوش ہو چکی تھی ، ایس ایچ او تھانہ کنجاہ چوہدری حسن فاروق نے اراکین مصالحتی کمیٹی شادیوال اور معززین سے اس دشمنی کو ختم کرنے کیلئے کاوشیں جاری رکھیں جو کہ بالاخر کامیاب ہو گئیں ، گزشتہ روز اس دشمنی کے خاتمہ اور ایک دوسرے کے خلاف درج مقدمات ختم کرانے کیلئے چوہدری فضل احمد گورایہ مرحوم سابق کونسلر کے ڈیرہ پر متعلقہ فریقین کا اکٹھ ہوا ، جس میں تمام فریقین نے ایک دوسرے کو خدا کے واسطے صمیم قلب سے معاف کرتے ہوئے آئندہ علاقہ میں امن و امان قائم کرنے کی یقین دہانی کروائی ، اس موقع پر ایس ایچ او تھانہ کنجاہ حسن فاروق گھمن ، انسپکٹر انویسٹی گیشن چوہدری ریاض احمد کدھر ، انچارج پولیس چوکی شادیوال سید قیصر شاہ ، چوہدری بشیر وڑائچ ، چوہدری الیاس گورایہ ، صاحبزادہ محبوب رضا ، میاں وسیم صادق ، چوہدری ریاض وڑائچ کھوجیوانوالی و دیگر اہم شخصیات سینکڑوں کی تعداد میں موجود تھیں ۔