تھرکول سے بجلی پیدا کرنے کا منصوبہ ناقابل عمل قرار

Electricity

Electricity

اسلام آباد : (جیو ڈیسک) پلاننگ کمیشن نے تھرکول سے بجلی پیدا کرنے کا منصوبہ ناقابل عمل قراردے دیا۔ ممبر توانائی شاہد ستار نے کہا ہے کہ 10 میگاواٹ کے پائلٹ پراجیکٹ کومزید آگے نہیں بڑھایا جا سکتا منصوبے پرمزید رقم لگانا زیادتی ہو گی۔

اسلام آباد میں تیل وگیس پرمنعقدہ بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ممبرتوانائی پلاننگ کمیشن شاہد ستار نے کہا کہ تھرکول گیسی فیکیشن سے بجلی پیدا کرنے کا منصوبہ ناقابل عمل ہے۔ کان کنی کے ذریعے کوئلہ نکال کر بجلی پیدا کی جا سکتی ہے۔ اس لیے دس میگاواٹ کے پائلٹ پراجیکٹ کو آگے نہیں بڑھایا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں گیسی فیکیشن کا صرف ایک منصوبہ آسڑیلیا میں چل رہا ہے اور وہ بھی اسے بند کرنے کا سوچ رہے ہیں اس لیے منصوبے پرمزید رقم لگانا زیادتی ہو گی۔ شاہد ستار کا کہنا تھا کہ ایل این جی کی درآمد پاکستان کے توانائی کے مسائل کا حل نہیں۔ صارفین کوگیس کی مجموعی قیمت 4 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو ہے اور ایل این جی کے استعمال سے یہ قیمت 8 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یوتک پہنچ جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ بجلی کا بحران اورسبسڈی ختم ہو جائے تو پاکستان کی معیشت دس فیصد ترقی کرے گی۔ موجودہ بحران اورسبسڈی سے معیشت کو سالانہ چھ فیصد نقصان پہنچ رہا ہے۔ اس موقع پرماہرین اورقومی منصوبہ بندی کمیشن کے ممبران نے ملک کے موجودہ توانائی بحران پر قابو پانے کے لیے مختلف تجاویزبھی دیں۔