جاں بحق ہونے والوں میں نوبیاہتا جوڑے بھی شامل

Crash

Crash

پاکستان : (جیو ڈیسک) طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں نوبیہاتا جوڑے بھی سوار تھے جو زندگی کا نیا سفر شروع کرنے کے بعد ہنی مون منانے کے لیے بڑے ارمانوں سے اسلام آباد کے سفر پر روانہ ہوئے تھے۔

کراچی کے علاقے گلشن حدید کے رہائشی تنویر جان کی شادی اٹھارہ مارچ کو ہوئی تھی۔ ٹرانسپورٹ کا کاروبار کرنے والا یہ نوجوان شادی کے بعد ہنی مون منانے پہلے اسلام آباد پھر مری اور دیگر علاقوں کی سیر کرنے کے لیے شادی کے بعد پہلے سفر پر روانہ ہوا تھا تنویر کے گھر میں سوگ تھا اور ہر آنکھ اشکبار ہے۔

سجاد علی رضوی ملیر ہالٹ کا رہائشی تھا جس کی شادی انتیس مارچ کو بہت دھوم دھام سے کی گئی تھی۔ سجاد بھی اپنی نئی نویلی دلہن کے ساتھ ملک کے بالائی علاقوں میں ازدواجی زندگی کے چند پل یادگار بنانے کے لیے روانہ ہوا تھا نجی ادارے میں ملازمت کرنے والے اس نوجوان کے اہل خانہ غم سے نڈھال ہیں۔

بد نصیب بھوجا ایئر لائن کا طیارہ اپنے مسافروں کو منزل مقصود پر نہ پہنچا سکا اور لمحوں میں سارے مسافر لقمہ اجل بن گئے ملبے میں دلہنوں کے وہ کنگن بکھر گئے جو کبھی نرم و نازک کلائیوں کی زینت تھے۔