جرائم پیشہ افراد کے نام ای سی ایل میں شامل کر لیئے۔ رحمان ملک

rehman malik

rehman malik

لیاری: (جیو ڈیسک) کراچی میں رات گئے لیاری میں جرائم پیشہ افراد کیخلاف ٹارگیٹڈ کارروائی شروع کردی گئی۔ جبکہ وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک بھی لیاری پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ جرائم میں ملوث افراد کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرلئے ہیں اب وہ بھاگ نہیں سکتے۔

جرائم پیشہ افراد کیخلاف کارروائی میں پولیس کو رینجرز اور ایف سی کی مدد حاصل ہے۔ پولیس اور رینجرز نے لیاری کے مختلف علاقوں میں ٹارگیٹڈ آپریشن کیا۔ مختلف مقامات کی تلاشی لی گئی۔ وفاقی وزیرداخلہ رحمان ملک بھی کارروائی کے دوران لیاری پہنچ گئے اور مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔

اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لیاری سمیت کراچی کے مختلف علاقوں میں ٹارگیٹڈ آپریشن کیا جا رہا ہے۔ رحمان ملک کا کہنا تھا کہ لیاری میں کوئی نو گوایریا رہنے نہیں دیں گے۔ وفاقی وزیرداخلہ نے شہر کے اہم مسئلے بھتہ خوری کے حوالے سے بھی بات کی۔ انہوں نے لیاری میں ترقیاتی کاموں کی ضرورت اور اس میں حائل رکاوٹوں کو بھی نوٹ کیا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے ایک بار پھر جرائم پیشہ افراد کو تنبیہ کی کہ قانون کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔ خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی۔ رحمان ملک لیاری کے مختلف علاقوں میں گئے اور لوگوں سے ملاقاتیں کیں اور انہیں مکمل تحفظ فراہم کرنے کی یقین دھانی کرائی۔