جمہوریت کے تحفظ کیلئے سیاستدانوں کو اپنا کردار بدلنا ہوگا۔ امیر پٹی

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) روشن پاکستان پارٹی کے قائد امیر پٹی نے حکومت کی جانب سے طاہرالقادری سے مذاکرات کے فیصلے کو مستحسن طرز عمل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ طاہرالقادری کا لانگ مارچ ، دھرنا اور مطالبہ آئینی ہیں یا غیر آئینی اس بحث سے ہٹ کر پاکستان کے ہر شہری کی حفاظت حکومت پاکستان کی ذمہ داری ہے اور دھرنے کے شرکاء میں شامل معصوم بچوں، خواتین ، نوجوان اور بزرگوں کی زندگی اور صحت کیلئے اسلام آباد کے یخ بستہ موسم اور برسات میں کھلے آسمان تلے مزید رہنا ان کی صحت اور زندگی کیلئے خطرات پیدا کر رہا ہے۔

اسلئے طاہرالقادری اور حکومت دونوں کو اپنے رویئے میں لچک لاکر مصلحت سے مصالحت کا کوئی درمیانی راستہ نکالنا چاہئے کیونکہ جہاں طاہرالقادری کے کئی مطالبات غیر آئینی ہیں وہیں حکومت ‘ اپوزیشن ‘ اراکین پارلیمنٹ اور سیاستدانوں کا کردار وماضی بھی آئینی، بے داغ اور عوام دوست نہیں رہا ہے۔

اسلئے آئین و جمہوریت کے نام پراپنے مفاد کیلئے یکجا ہوجانے والوں کو ریاست اور عوام کو بچانے کیلئے بھی کچھ کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ ریاست اور عوام سے ہی ان کی سیاست ہے اور انہی سے وہ جمہوریت قائم ہے جو ان چند خاندانوں کو مقتدر بناتی رہی ہے جو کل تک دشمن تھے مگر آج مفادات کیلئے ایک ہوچکے ہیں۔