جمہوری یا غیر جمہوری کیا فوج کو بلوچستان میں کنٹرول سنبھال لینا چاہئے: چودھری شجاعت حسین

لاہور (جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ کے صدر سینیٹر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ جمہوری یا غیر جمہوری کیا فوج کو بلوچستان میں کنٹرول سنبھال لینا چاہئے، بلوچستان کے حالات سنگین صورتحال اختیار کر چکے ہیں، وزیراعلیٰ اسلم رئیسانی کو فوراً واپس آ کر حالات کو کنٹرول کرنا چاہئے ورنہ وہ مستعفی ہو جائیں اور بلوچستان کو فوراً فوج کے حوالے کر دینا چاہئے۔

وہ آج یہاں مال آف لاہور میں گرین ویلی پریمئم سپر مارکیٹ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ بلوچستان میں لوگ لاشیں رکھ کر احتجاج کر رہے ہیں، ظلم ناقابل برداشت ہے، لوگوں کی برداشت ختم ہو رہی ہے ان حالات میں صوبہ بلوچستان میں فوج کا آنا ناگزیر ہو چکا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کا لانگ مارچ ابھی لاہور سے شروع ہوا ہے، ڈاکٹر طاہر القادری سے مذاکرات جاری ہیں، امید ہے کہ اسلام آباد پہنچنے تک معاملات کا حل تلاش کر لیا جائے گا۔

چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ ملک ریاض پر اللہ تعالیٰ کا خاص کرم ہے وہ جس کام میں بھی ہاتھ ڈالتے ہیں اللہ تعالیٰ ان پر فضل کرتا ہے کیونکہ انہوں نے ہمیشہ غریبوں کا خاص خیال رکھا ہے ان کا اس وقت ملک بھر میں علاج معالجے اور کھانے کا جو نظام ہے اس سے لاکھوں افراد روزانہ مستفید ہو رہے ہیں، میں نے خود پمز PIMS کے باہر اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے کہ وہاں لوگ ایسے کھانا کھاتے ہیں جیسے کسی ہوٹل میں کھانا کھا رہے ہوں، یہ اللہ تعالیٰ کی خصوصی دین ہے اس میں مزید برکت ہو گی۔