جڑواں شہروں میں موسلا دھار بارش،اسلام آباد میں جل تھل

islamabad rain

islamabad rain

اسلام آباد(جیوڈیسک)اسلام آباد میں تیز ہواؤں کے ساتھ طوفانی بارش سے شہر جل تھل ہوگیا۔ پشاور میں بھی رات گئے رم جھم ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں آج بھی میگھا برسے گا۔

محکمہ موسمیات نے لاہور ، گوجرانوالہ ، سرگودھا ، مالاکنڈ ، ہزارہ ، کوہاٹ ڈویژن ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر برکھا برسنے کی پیش گوئی کی ہے۔ گزشتہ روز ملک کے اکثر حصوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا تاہم راولپنڈی، مالاکنڈ ، ہزارہ ڈویڑن اور کشمیر میں بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش بالاکوٹ میں انچاس ملی میٹرریکارڈ کی گئی۔

مظفر آباد چھبیس، مری پچیس، گڑھی دوپٹہ بارہ، مالم جبہ چھ اور کاکول میں چار ملی میٹر بارش پڑی۔ کراچی میں بھی مطلع ابر آلود ہے اور تیز ہوائیں چل رہی ہیں۔ اسلام آباد کے علاقے سید پور میں اکیانوے ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جاچکی ہے۔

ادھر بینظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ راولپنڈی کی چھت ہر سال کی طرح ٹپکنے لگی جس سے لانج میں پانی جمع ہو گیا۔