حکومت شریف اور پرامن شہریوں کو تحفظ فراہم کرے ، بشارت مرزا کے گھر ڈکیتی پر مختلف رہنماؤں کا رد عمل

کراچی : مشیر وزیراعلیٰ سندھ راشد ربانی ، وقار مہدی ، صوبائی وزیر بلدیات آغا سراج درانی و دیگر نے پاکستان ڈیمو کریٹک پارٹی کے مرکزی صدر بشارت مرزا سے انکے گھر پر مسلح ڈکیتی پر اظہار یکجہتی کرتے ہوئے انہیں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔ علاوہ ازیں جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی، برجیس احمد، جے یوپی کراچی کے ناظم اعلیٰ شبیر ابو طالب، مسلم لیگ کے ناصر محمود ، جے یوآئی س کے مولانااسعد تھانوی،متحدہ علماء محاذ کے بانی محمد امین انصاری ، فنکشنل لیگ محمد شاہد صابری و دیگر نے کہا ہے کہ شریف اور پرامن شہری جرائم پیشہ عناصر اور دہشت گردوں کے ہاتھوں تباہ و برباد ہو رہے ہیں۔

ناپسندیدہ عناصر آزادانہ اور بلا خوف وخطر غیر قانونی سرگرمیاں کر تے پھر رہے ہیں جن کی سرکوبی کے لئے سخت اقدامات کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ حکومت شریف اور پرامن شہریوں کو کسی قسم کا تحفظ یا ریلیف فراہم نہیں کر رہی جو کہ بدترین بے حسی اور اپنے ذمہ شہریوں کے حقوق اور قومی فرائض سے روگردانی کے مترادف ہے۔

حکومت کے بے حسی کے اس رویے میں تبدیلی ہونی چاہئے اوراسے شریف اور پرامن شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کے ساتھ ساتھ متاثرہ شہریوں کو ریلف بھی فراہم کرنا چاہئے۔ انہوں نے پاکستان ڈیمو کریٹک پارٹی کے مرکزی صدر بشارت مرزا کے گھر پر گذشتہ روز دن دہاڑے صبح دس بجے ہونے والی ڈکیتی کی واردات میں ہونے والے ان کے لاکھوں مالیت کے نقصان پر ان سے گفتگو میں اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں پرامن اور شریف و مہذب شہری اپنے جان و مال کے تحفظ کیلئے حکومت اور انتظامیہ سے ہی توقعات وابستہ کرتے ہیں لہذا حکومت اور انتظامیہ کو ان کی توقعات کو ہر صورت میں پورا کرنا چاہئے بہ صورت شہریوں میں احساس محرومی پیدا ہوتا ہے۔

انہوں نے کراچی کے پولیس حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ بشارت مرزا کے گھر پر ڈکیتی کے دوران لوٹا گیا سامان برآمد کرانے پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے جلد از جلد برآمدگی کر ا کے ان سے تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ دن دہاڑے ڈکیتی کی واردات لمحہء فکریہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔