خادم اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہبازشریف نے پیرمحل کو تحصیل کا درجہ دے کرعوام کا دیرینہ مطالبہ آج پوراکردیا : سید طاہر حسین شاہ

پیرمحل (جی پی آئی)خادم اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہبازشریف نے پیرمحل کو تحصیل کا درجہ دے کرعوام کا دیرینہ مطالبہ آج پوراکردیا،ان خیالات کا اظہارکمشنر فیصل آباد سیدطاہرحسین شاہ نے تحصیل پیرمحل کے دفاترکے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہاکہ میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے حکم پر پیرمحل کی عوام کی مشکلات کم کرنے کے لئے حاضر ہوں آج سے تحصیل پیرمحل کے دفاتر کا باقاعدہ افتتاح کر کے افسران کو عوام کے مسائل حل کرنے اور ان کی مشکلات کم کرنے کے لئے تعینات کر دیا گیا ہے۔

میں اہلیان پیرمحل کو بتا دینا چاہتا ہوں کہ وزیر اعلیٰ کے حکم پر افسر شاہی قائم نہیں کر رہا بلکہ افسران کو عوام کی خدمت کے لئے معمور کر رہا ہوں وزیر اعلیٰ پنجاب کا مشن عوام کی مشکلات کو کم کرنا ہے عوام کو انصاف ان کی دہلیز پر دینا ہے میںعوام کے ساتھ متعلقہ افسران سے بھی امید کرتا ہوں کہ وہ بھی دل لگا کر عوام کے مسائل کم کرنے کی کوشش کریں تاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا مشن پورا ہو ۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ آر پی او فیصل آباد آفتاب احمد چیمہ،سابق وفاقی وزیر چوہدری اسد الرحمن، ڈی سی او ٹوبہ ٹیک سنگھ جاوید اقبال بخاری ڈی پی او رانا منصور الحق سابق ضلع نائب ناظم چوہدری خالد سردار لیگل ایڈوائزر مسلم لیگ ن چوہدری مصطفےٰ رمدے، میاں اسد حفیظ بانی پیرمحل تحصیل بنائو تحریک، ضلعی انتظامیہ سمیت عوام کی کثیر تعدادموجود تھی کمشنر کی آمد پر گھوڑا ڈانس، جھومر شو پیش کئے گئے۔