خفیہ ہاتھ کی حمایت حاصل نہیں۔ عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

پشاور : پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہاہے کہ ان کے پیچھے کوئی خفیہ ہاتھ نہیں،کراچی سے نفرت کی سیاست ختم کردیں گے۔ پشاور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا ہے کہ ملک بچانا ہے تو سب کو سیاست میں آنا پڑے گا ، جو لوگ سیاست میں حصہ نہیں لے رہے وہ یا تو خودغرض ہیں یا بزدل۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام نظریاتی لوگوں کیساتھ اتحاد ہوسکتا ہے لیکن چور اورلوٹیروں سے اتحاد نہیں ہو سکتا ملک میں کرپشن اور ٹیکس چوری کے باعث پیسہ بھی نہیں ہے۔
عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کہہ رہے ہیں کہ خفیہ ہاتھ عمران خان کے ساتھ ہے ان کی یہ بات بالکل درست ہے میرے ساتھ اللہ تعالی کی مدد شامل ہے۔ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہے کہ وہ آصف زرداری اور نوازشریف کو ایک ہی گیند سے بولڈ کرکے پویلین بھیج دیں گے، پاکستان میں چوروں کے لیے مزید جگہ نہیں۔ عمران خان نے کہاکہ وہ دہشتگردی کے خلاف جاری جنگ کی مخالفت کرتے ہیں کیوں کہ دہشتگردی کے خاتمے کا فوجی حل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے گوزرداری گو مہم صرف تحریک انصاف کے خوف سے شروع کی۔
عمران خان کے دورہ پشاور کے موقع پر باچا خان کے نواسے اور اسفند یارولی خان کے کزن سلیم جان خان اور پیپلز پارٹی کے رہنما افتخار خان جھگڑا نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔