دستیاب بجلی کی با سہولت تقسیم کیلئے گیپکو اپنے علاقوں میں خود لوڈ مینجمنٹ کر رہی ہے،محبوب عالم چیف ایگزیکٹو گیپکو

گوجرانوالہ (محمد بلال احمد بٹ)گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی کے چیف ایگزیکٹو محبو ب عالم نے کہا ہے کہ صنعتی صارفین کو انکی کاروباری سرگرمی اوقات کار میں شیڈول کے مطابق بجلی کی فراہمی کیلئے گیپکو پاور ڈسٹری بیوشن سنٹر (پی ڈی سی) میں خصوصی ڈیسک قائم کر دیا گیا ہے۔یہ فیصلہ حالیہ بحرانی کیفیت میں گیپکو صارفین کو زیادہ سے زیادہ سہولت اور ریلیف دینے کیلئے کیا گیا ہے۔چیف ایگزیکٹو نے کہا ہے کہ دستیاب بجلی کی با سہولت تقسیم کیلئے گیپکو اپنے علاقوں میں خود لوڈ مینجمنٹ کر رہی ہے اور اس سلسلہ میں تمام نوع کے صارفین کی بجلی کی ضرورت اور کھپت کے اوقات کو مد نظر رکھا جا تاہے۔انہوں نے کہا کہ پاور ڈسٹری بیوشن سنٹر (پی ڈی سی) میں قائم کیا گیا خصوصی ڈیسک صنعتی صارفین کو بجلی کی فراہمی کے اوقات مرتب کرنے میں مشاورت ومعاونت فراہم کریگا۔صارفین اس سلسلہ میں پی ڈی سی کے ٹیلی فون نمبرز 055-9200502,0559200963,0559201270پر کال کر کے اپنے 11کے وی فیڈروں کے شیڈول باہمی مشاورت سے ایڈ جسٹ کروا سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گیس کی کمی اور نہروں کی بندش کے باعث پیدا ہونے والی بجلی کی بحرانی صورتحال عارضی ہے جس میں آئندہ چند روز میں بہتری آنا شروع ہو جائے گی۔ بجلی کے حالیہ بحران کو بہتر طریقہ سے Manageکرنے کیلئے گیپکو اپنے صارفین کے ساتھ ہے۔زحمت کیلئے گیپکو انتظامیہ معذرت خواہ ہے۔