برطانیہ کے مختلف علاقوں میں طوفان ‘ملک’ کی تباہ کاریاں، ہزاروں گھر بجلی سے محروم

UK Storms

UK Storms

برطانیہ (اصل میڈیا ڈیسک) برطانیہ کے مختلف علاقوں میں طوفان ‘ملک’ کی تباہ کاریاں جاری ہیں، 80 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں نے نظام زندگی کو شدید متاثرکیا ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق طوفان ملک کے باعث شمالی علاقوں میں 80 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جس کے باعث اسکاٹ لینڈ، شمالی انگلینڈ اور شمالی آئرلینڈ میں ذرائع آمدورفت متاثر ہوئے ہیں، بعض علاقوں میں میٹرو ٹرین سروس عارضی طور پر بند ہے جب کہ 62 ہزار سے زائدگھر بجلی کی سہولت سے محروم ہوگئے ہیں۔

اسکاٹ لینڈکے علاقے ایبرڈین میں طوفانی ہواؤں کے باعث درخت گرنے سے ایک خاتون ہلاک ہوگئی۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے اسکاٹ لینڈ میں ہفتہ اور اتوار کے لیے وارننگ جاری کردی گئی ہے، پولیس نے لوگوں کو غیر ضروری سفر نہ کرنے کی ہدایت کی ہے، خراب موسم کے سبب اسکاٹش پریمیئر لیگ کے میچز بھی ملتوی کردیے گئے ہیں۔

برطانوی میڈیا کا کہنا ہےکہ اتوار کو طوفان کیری بھی اسکاٹ لینڈ سے ٹکرائےگا۔